محبت کی پیشکش ٹھکرانے پر بطور انتقام پروفیسر کی فیملی کی تصاویر سے چھڑچھاڑ‘ طالبہ گرفتار
پروفیسر کے افرادخاندان جن میں ایک کمسن لڑکی بھی شامل ہے کی تصاویر کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے ان مسخ شدہ تصاویر کوفرضی اکاونٹ کے ذریعہ سوشل میڈیا کے مختلف پلاٹ فام پروائرل کرنے کا الزام ہے۔

حیدرآباد: سٹی پولیس نے آئی اے ایس کوچنگ سنٹر کی گروپ ون کی ایک طالبہ کو گرفتار کرلیا ہے‘محبت کی پیشکش ٹھکرانے پر بطور انتقام اُس پر سنٹرکے ایک پروفیسر کے افرادخاندان جن میں ایک کمسن لڑکی بھی شامل ہے کی تصاویر کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے ان مسخ شدہ تصاویر کوفرضی اکاونٹ کے ذریعہ سوشل میڈیا کے مختلف پلاٹ فام پروائرل کرنے کا الزام ہے۔
آندھراپردیش کے ضلع اننت پور کی 24 سالہ طالبہ نے جورائے در گم کے لکشمی بازار میں مقیم تھی‘گروپ ون امتحان کی کوچنگ کے لئے اشوک نگر حمایت نگر کے آئی اے ایس کوچنگ سنٹر میں داخلہ لیاتھا۔اس دوران اس کادل ایک پروفیسر پرآگیا۔
اس نے پروفیسر سے عشق کااظہار بھی کیا۔پروفیسر نے اس کے اس پیشکش کو مسترد کردیا کیونکہ وہ پہلے سے شادی شدہ اوربچوں کا باپ بھی ہے۔پیشکش کومسترد کرنے پربرہم طالبہ نے پروفیسر کی فیملی کی پروفائل حاصل کی اور یوٹیوب اورانسٹاگرام کے فرضی اکاونٹ بناکر پروفیسر‘ ان کی بیوی اور ان کی کمسن بیٹی کی مسخ شدہ تصاویر کو سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔
اس نے تلنگانہ اسٹیٹ ہائی کورٹ کے سرکاری انسٹاگرام پیج پر آئی اے ایس کوچنگ سنٹر کے علاوہ دوست رشتہ داروں اوردوسروں کے پیجس پر ان تصاویرکو اپ لوڈ کردیا۔ اسکے علاوہ اس نے عریاں فوٹوس اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا۔
اس واقعہ کی شکایت پر سائبر کرائم حیدرآباد میں درج کروائی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور ملزمہ کی شناخت کے لئے سب انسپکٹر شرت چندرا کی نگرانی میں ایک ٹیم اننت پور روانہ کی ہے جہاں اس طالبہ کو گرفتار کرکے حیدرآباد لایاگیا اور بعدمیں اسے جیل منتقل کردیاگیا۔