مسابقتی امتحانات کے باربار التوا پرطلبہ میں حکومت کے خلاف برہمی
پبلک سرویس کمیشن کے مسابقتی امتحان کے باربارالتوا پر ضلع ورنگل سے تعلق رکھنے والی پراولیکانامی طالبہ کی شہرحیدرآباد کے ایک ہاسٹل میں خودکشی کے واقعہ پر طلبہ میں حکومت کے خلاف شدید برہمی پائی جاتی ہے۔
حیدرآباد: پبلک سرویس کمیشن کے مسابقتی امتحان کے باربارالتوا پر ضلع ورنگل سے تعلق رکھنے والی پراولیکانامی طالبہ کی شہرحیدرآباد کے ایک ہاسٹل میں خودکشی کے واقعہ پر طلبہ میں حکومت کے خلاف شدید برہمی پائی جاتی ہے۔
ان برہم اور احتجاجی طلبہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ کی تقرری کیلئے ہونے والا ڈی ایس سی امتحان بھی ملتوی کردیاگیا۔
انہوں نے کہاکہ مسابقتی امتحانات کے پرچوں کے لیک ہونے کی وجہ سے بیشتر طلبہ میں مایوسی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کے لئے کئی طلبہ نے خودکشی کی تاہم تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دیئے جانے کے بعد ریاست میں تعلیم کے شعبہ کی صورتحال کافی ابتر ہوگئی ہے جس کے نتیجہ میں پراولیکانامی طالبہ نے خودکشی کرلی۔
انہوں نے پراولیکاسے انصاف کرنے کامطالبہ کیا اور کہا کہ اس سے مکمل انصاف تک احتجاج کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پیپر لیک کی وجہ سے طلبہ معاشی اور ذہنی طورپر پریشان ہیں۔باربارمسابقتی امتحانات ملتوی ہورہے ہیں اور مقدمات عدالتوں میں دائر کئے جارہے ہیں۔
طلبہ نے کہاکہ ملازمتوں کو پُرکرنے کیلئے حکومت کی جانب سے اعلامیہ جاری کیاجاتا ہے تاہم امتحان ملتوی کردیئے جاتے ہیں جس سے وہ کافی پریشان ہیں اور اسی پریشانی کے عالم میں اس طالبہ نے انتہائی اقدام کیا۔