ویجلنس عہدیداروں کو دیکھ کر رشوت کی رقم نگلنے کی کوشش، ویڈیو وائرل
ویجلنس عہدیدار، پولیس والے کو گھیر لیتے ہیں کیونکہ پکڑے جانے کے بعد دوسرے ہی لمحے میں اس نے رشوت کی رقم اپنے منہ میں ڈال لی تھی اور اسے نگلنے کی کوشش کی۔
نئی دہلی: فرید آباد میں ویجلنس افسران کی ایک ٹیم نے بھینس کی چوری کے معاملے میں ایک پولیس اہلکار کو رشوت لیتے ہوئے پکڑنے میں کامیابی حاصل کی لیکن اس کے بعد جو ہوا، اس نے تحقیقاتی ایجنسی کے عہدیداروں کو حیران کر دیا۔
اس واقعہ کا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں سب انسپکٹر مہندر اولا کو ویجلنس ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے نرغے میں دیکھا جاسکتا ہے۔
ویجلنس عہدیدار، پولیس والے کو گھیر لیتے ہیں کیونکہ پکڑے جانے کے بعد دوسرے ہی لمحے میں اس نے رشوت کی رقم اپنے منہ میں ڈال لی تھی اور اسے نگلنے کی کوشش کی۔
ویڈیو میں پولیس عہدیدار کو جو سب انسپکٹر بتایا جاتا ہے، ویجنلس عہدیدار زمین پر گرادیتے ہیں۔ ایک عہدیدار اس کے حلق سے رقم نکالنے کے لئے اس کے منہ میں اپنی انگلیاں بھی ڈال دیتا ہے مگر سب انسپکٹر کی جانب سے سخت مزاحمت ہوتی ہے جس کے باعث ویجلنس افسران کو بھی سخت جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔
اس دوران ایک اور شخص معاملے میں مداخلت کی کوشش کرتا ہے تاہم ویجلنس عہدیدار اسے پرے ڈھکیل دیتے ہیں۔
حکام کے مطابق پولیس سب انسپکٹر نے بھینس کی چوری کے ایک کیس میں ملزم کے خلاف کارروائی کے لئے بھینس کے مالک سے رشوت طلب کی تھی۔ اس نے بھینس کے مالک سے 10 ہزار روپے طلب کئے تھے۔
بھینس مالک نے سب انسپکٹر کو 6 ہزار روپے پہلے ہی دے دیئے تھے لیکن باقی رقم دینے سے پہلے اس نے سب انسپکٹر کے خلاف ویجلنس ڈیپارٹمنٹ میں شکایت درج کرادی۔
ویجلنس عہدیداروں نے پولیس سب انسپکٹر کو پکڑنے کا منصوبہ بنایا، جال بچھایا گیا اور اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔