تلنگانہ

زہریلا انجکشن لے کر خودکشی کی کوشش: میڈیکل طالبہ کی حالت ہنوز نازک

کاکتیہ میڈیکل کالج ورنگل کی پی جی طالبہ جس نے خود ہی زہریلا انجکشن لے کر خودکشی کی کوشش کی ہے، کی حالت جمعرات کے روز بھی نازک بنی ہوئی ہے۔

حیدرآباد: کاکتیہ میڈیکل کالج ورنگل کی پی جی طالبہ جس نے خود ہی زہریلا انجکشن لے کر خودکشی کی کوشش کی ہے، کی حالت جمعرات کے روز بھی نازک بنی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد میں 1587 مراکز رائے دہی انتہائی حساس
شادی کے دو گھنٹے بعد دولہے نے دی جان
بلز کی عدم ادائیگی پر کے آر آئی ڈی ایل کے کنٹراکٹر کی خودکشی
بیٹے کی ہراسانی اورحملہ۔ضعیف شخص کا دو مرتبہ اقدام خودکشی
دوران پرواز مسافر کی باتھ روم میں خودکشی کی کوشش

ڈاکٹروں نے بتایا کہ طالبہ کو نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (نمس) میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ کاکتیہ میڈیکل کالج (کے ایم سی) کی پی جی (انستھیسیا ایم ڈی) کی سال اول کی طالبہ دھاراوتی پر یتی نے سینئرس کی مبینہ ہراسانی سے دلبرداشتہ ہو کر چہارشنبہ کے روز خودکشی کی کوشش کی۔

ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی نے جنہوں نے آج نمس کا دورہ کیا ہے، میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ڈاکٹرس، طالبہ کو بچانے کیلئے ہر ممکن سعی کررہے ہیں۔ وہ ڈاکٹروں سے کہہ چکے ہیں طالبہ کا بہتر سے بہتر علاج کریں۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے پی جی میڈیکل طالبہ کی صحت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔

رمیش ریڈی نے واضح کردیا کہ کے ایم سی میں کوئی ریاگنگ نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبہ کو چند سینئرس سے مسائل درپیش تھے تاہم کالج انتظامیہ نے طالبہ اور سینئرس کی کونسلنگ بھی کی۔ رمیش ریڈی نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے کے ایم سی نے 4رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

کمیٹی کی رپورٹ ملنے کے بعد ہم ضرور کاروائی کریں گے۔ ایم جی ایم ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وی چندر شیکھر نے 4پروفیسرس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس واقعہ کی انکوائری کرے گی اور یہ کمیٹی اپنی رپورٹ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کو پیش کرے گی۔ دریں اثنا طالبہ کے والد دھاراوتی نریندر نے الزام عائد کیا کہ نمس میں ان کی بیٹی کا خاطر خواہ علاج نہیں ہورہا ہے۔

انہوں نے ارباب مجاز سے اپیل کی کہ وہ، بہتر سے بہتر علاج فراہم کرتے ہوئے ان کی بیٹی کی زندگی کو بچائیں۔ نریندر جو ورنگل میں ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہیں، نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو صرف زندہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آر پی ایف میں سرویس کے دوران میں نے کئی افراد کی کونسلنگ کرتے ہوئے انہیں انتہائی اقدام سے باز رکھا مگر ان ہی کی بیٹی نے صدر شعبہ اور دیگر سینئر کی مبینہ ہراسانی کے سبب خودکشی کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ کالج انتظامیہ، ہراسانی سے متعلق ان کی شکایت پر کارروائی کرنے میں ناکام رہا۔ طالبہ نے ایم جی ایم ہاسپٹل میں کل، ڈیوٹی کے دوران ایمرجنسی وارڈ میں زہریلا انجکشن لے کر خودکشی کی کوشش کی۔