جرائم و حادثاتحیدرآباد

یاقوت پورہ میں ایک شخص کی خودکشی، انتہائی اقدام سے قبل ویڈیو ریکارڈ

رین بازار پولیس کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر یاقوت پورہ میں ایک شخص نے خودکشی کرلی جبکہ بتایا جارہا ہے کہ رین بازار پی ایس کے انسپکٹر‘ کورٹ کے جوان کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں اور خودکشی کے واقعہ کو غلط رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

حیدرآباد: رین بازار پولیس کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر یاقوت پورہ میں ایک شخص نے خودکشی کرلی جبکہ بتایا جارہا ہے کہ رین بازار پی ایس کے انسپکٹر‘ کورٹ کے جوان کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں اور خودکشی کے واقعہ کو غلط رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

ذرائع کے بموجب انتہائی اقدام سے قبل یاقوت پورہ کے رہنے والے محمد یونس نے آج سل فون کے ذریعہ ویڈیو ریکارڈ کیا جس میں انہوں نے رین بازار پولیس پر ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔

بتایا جاتا ہے کہ محمد یونس نے کہا کہ ان کا بھانجہ کیف نے لڑکی کو لے کر فرار ہوگیا۔ اس سے پہلے بھی وہ 6 بار عشق میں اسی لڑکی کو لے کر فرار ہوچکا ہے۔

پولیس‘ انہیں تلاش کرتے ہوئے ان کے رشتہ داروں کو ہراساں کررہی ہے‘ جس کی وجہ محمد یونس دکان بھی نہیں جارہے تھے اور کورٹ کانسٹبل کی طرف سے انہیں مبینہ طور پر دھمکی دی گئی تھی کہ بھانجہ نہیں ملا تو انہیں گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن لے جائیں گے۔

اس دھمکی پر وہ بے انتہا خوف زدہ ہوگئے تھے۔ انہوں نے آج صبح پھانسی لے کر خودکشی کرلی جبکہ رین بازار انسپکٹر کا کہنا ہے کہ کیف کے خلاف دو مقدمات ایک مادنا پیٹ اور دوسرا رین بازار میں درج ہیں۔ اس کے خلاف وارنٹ بھی ہے جس کی وجہ سے پولیس کانسٹبل ان کے گھر پر دو مرتبہ گیا تھا۔

حقیقت یہ ہے کہ محمد یونس پولیس کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر اپنے بڑے بھائی کے گھر چلے گئے تھے اور آج صبح اپنے مکان واپس آکر انہوں نے ویڈیو ریکارڈنگ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی مبینہ ہراسانی سے وہ انتہائی اقدام کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں اور وہ خودکشی کررہے ہیں۔

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی حلقہ یاقوت پورہ کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج‘ محمد یونس کے گھر پہنچے اور انہوں نے کہا کہ پولیس کی مبینہ ہراسانی کے واقعہ کو پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں لائیں گے اور ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کریں گے جبکہ رین بازار کے انسپکٹر رمیش نے کہا کہ لڑکی کو لے کر بھاگنے کاکیس ہی نہیں ہے۔

یہاں یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ پولیس‘ عوام کے تحفظ کے لئے ہے نہ کہ ہراسانی کرنے کے لئے ہے۔ مادنا پیٹ پولیس نے خودکشی کا ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

a3w
a3w