قومی

قریبی رشتوں میں شادیوں پر قانون بنے گا؟

پریم کورٹ نے قریبی خونی رشتوں میں شادیوں کے معاملے پر قانون سازی کی ضرورت سے متعلق مرکز کی رائے طلب کرلی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ وہ حکومت کو کوئی ہدایت نہیں دینا چاہتی بلکہ اس حساس معاملے کی جانب اس کی توجہ مبذول کرانا مقصود ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) سپریم کورٹ نے قریبی خونی رشتوں میں شادیوں کے معاملے پر قانون سازی کی ضرورت سے متعلق مرکز کی رائے طلب کرلی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ وہ حکومت کو کوئی ہدایت نہیں دینا چاہتی بلکہ اس حساس معاملے کی جانب اس کی توجہ مبذول کرانا مقصود ہے۔

چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ قریبی خونی رشتوں میں شادیوں کو قانون کے ذریعے منضبط کرنا مقننہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، عدالت اس معاملے میں قانون سازی نہیں کرسکتی۔عدالت میں بنگلورو کی قانون کی طالبہ چاروی ایس کی جانب سے دائر عرضی پر سماعت ہورہی تھی۔

عرضی گزار کے وکیل نے کہا کہ اس معاملے کے اثرات آنے والی نسلوں تک مرتب ہوتے ہیں اور عوام کو اس طرح کی شادیوں کے ممکنہ منفی طبی و جینیاتی نتائج سے واقف کرانے کے لیے وسیع پیمانے پر بیداری مہم چلائی جانی چاہیے۔

بنچ نے کہا کہ وہ مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کررہی ہے تاکہ وہ مناسب قانون بنانے یا مختلف ذرائع، بشمول تعلیمی نصاب، کے ذریعے عوام میں بیداری پیدا کرنے کے امکان پر غور کرے۔عدالت نے مزید کہا کہ وہ حکومت کو کوئی حکم نہیں دے گی بلکہ صرف اس معاملے پر اسے حساس اور متوجہ کرنا چاہتی ہے۔