تلنگانہجرائم و حادثات

حیدرآباد میں خواتین کے انڈوں کا غیر قانونی کاروبار بے نقاب، 66 خواتین کی شناخت

ملکاجگیری پولیس کے مطابق مختلف ریاستوں سے خواتین کو رقم کا لالچ دے کر حیدرآباد لایا جاتا تھا، اب تک 66 خواتین کی شناخت، دو ملزمین گرفتار۔

حیدرآباد میں ڈاکٹر درگا راؤ کے مبینہ نیٹ ورک کا انکشاف، غریب خواتین کو 20 ہزار سے 50 ہزار روپے دینے کا لالچ دے کر لایا جاتا تھا، 47 خواتین کے انڈے حاصل کیے جانے کا شبہ

حیدرآباد: ملکاجگیری پولیس نے غیر قانونی طریقے سے خواتین کے انڈے (Eggs) حاصل کرنے کے مبینہ ریاکٹ کی تحقیقات میں اہم انکشافات کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس ریاکٹ کا مبینہ سرغنہ ڈاکٹر درگا راؤ تھا، جس نے ملک کی مختلف ریاستوں میں ایجنٹس کا وسیع نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا۔ یہ ایجنٹس معاشی طور پر کمزور خواتین کو رقم کا لالچ دے کر حیدرآباد لاتا جہاں مبینہ طور پر ان کے انڈے حاصل کیے جاتے تھے۔

پولیس کے مطابق خواتین کو انڈے فراہم کرنے کے عوض 20 ہزار سے 50 ہزار روپے تک دینے کا وعدہ کیا جاتا تھا۔ حیدرآباد لانے کے بعد انہیں دو سے چھ ماہ تک ہاسٹلس میں رکھا جاتا اور انڈوں کی افزائش کے لیے ہارمون کے انجکشن دیے جاتے تھے۔ اس کے بعد مبینہ طور پر طبی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے انڈے حاصل کیے جاتے تھے۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے اب تک 66 خواتین کی شناخت کی ہے، جن میں سے 47 خواتین کے انڈے حاصل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان خواتین کا تعلق مختلف ریاستوں سے بتایا گیا ہے، جن میں مغربی بنگال کی خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔

پولیس کو شبہ ہے کہ یہ غیر قانونی سرگرمی گزشتہ سال مئی سے بڑے پیمانے پر جاری تھی۔ مبینہ طور پر حاصل کیے گئے انڈوں کو محفوظ کرنے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں واقع فرٹیلٹی مراکز (Fertility Centres) کو منتقل کیا جاتا تھا۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس نیٹ ورک میں ایجنٹس کے علاوہ طبی عملہ اور مختلف فرٹیلٹی مراکز بھی ملوث تھے۔

اس معاملے میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس نے آنند راجو اور سبحانی کو گرفتار کر کے چنچل گوڑہ سنٹرل جیل منتقل کردیا ہے۔ مزید پوچھ تاچھ کے لیے پولیس نے عدالت میں دونوں ملزمین کی پانچ روزہ تحویل کی درخواست داخل کی ہے، جس پر 23 نومبر کو سماعت مقرر ہے۔

پولیس مفرور ملزمین کی تلاش میں سرگرم ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملزمین سے پوچھ تاچھ کے بعد خواتین کی بھرتی، انڈوں کے حصول، انہیں محفوظ رکھنے اور ملک بھر کے فرٹیلٹی مراکز تک پہنچانے کے طریقہ کار کے علاوہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کے بارے میں بھی اہم تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔