ناجائز تعلقات کا شبہ، دیور کے ہاتھوں بھاوج اور دو بچوں کا قتل
ابتدائی تحقیقات اور مقامی افراد کے بیانات کے مطابق طیش میں آکر ویبھو واگھمارے نے آمرپالی کو پکڑ کر اس کا گلا گھونٹ دیا اور پھر اس کے دو بچوں کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جن میں پانچ سال کا لڑکا اور چار سال کی لڑکی شامل ہے۔

پونے: ایک شخص نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں اپنی بھاوج اور اس کے دو چھوٹے بچوں کا ان کے مکان واقع کوندھوا میں قتل کرکے انہیں نذر آتش کردیا۔پولیس کے مطابق یہ ہولناک واردات چہارشنبہ کو نصف شب اس وقت پیش آئی جب ملزم ویبھو واگھمارے کا اپنی بھابھی آمرپالی واگھارے سے دوسرے شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات کے مسئلہ پر جھگڑا ہوگیا۔
ابتدائی تحقیقات اور مقامی افراد کے بیانات کے مطابق طیش میں آکر ویبھو واگھمارے نے آمرپالی کو پکڑ کر اس کا گلا گھونٹ دیا اور پھر اس کے دو بچوں کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جن میں پانچ سال کا لڑکا اور چار سال کی لڑکی شامل ہے۔
پھر وہ پٹرول کا کیان لایا اور ان پر چھڑک کر آگ لگادی۔ چیخ و پکار کی آوازیں سن کر اور جلتی لاشوں سے اٹھتے شعلے دیکھ کر مقامی افراد نے کوندھوا پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی جس نے اپنی ٹیم وہاں بھیجی اور آج صبح ویبھو واگھمارے کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی۔
عہدیدار نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر پولیس اور دیگر کے بشمول اعلیٰ عہدیدار تحقیقات کے لیے موقع واردات پر پہنچے۔ مقتول خاتون کے شوہر اور ارکان خاندان کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
“ ہنومان جینتی کے موقع پر اس واردات نے متوسط طبقہ کے کوندھوا میں سنسنی پیدا کردی اور لوگوں کو منادر کے شور کے درمیان اس واردات پر گفتگو کرتے دیکھا گیا۔