دہلی

اندرا گاندھی قتل کی جھانکی، حکومت کناڈا حکام سے بات کرے

کانگریس نے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سے برامپٹن کی پریڈ میں سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل کی جھانکی پیش کرنے کے مسئلہ کو کینیڈین حکام سے قوت سے اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

نئی دہلی: کانگریس نے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سے برامپٹن کی پریڈ میں سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل کی جھانکی پیش کرنے کے مسئلہ کو کینیڈین حکام سے قوت سے اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں
جئے شنکر کی قوم پرستی پر راہول گاندھی کی تنقید

یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس واقعہ کے تعلق سے سوال پر جئے شنکر نے کینیڈا پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ وہاں علاحدگی پسندوں، شدت پسندوں اور تشدد کی وکالت کرنے والے افراد کو جگہ دینے کا وسیع تر مسئلہ موجود ہے۔

قبل ازیں ہندوستان میں متعینہ کینیڈا کے ہائی کمشنر کیمرن میکے نے کہا کہ انہیں اپنے ملک میں ہندوستانی وزیر اعظم کی ہلاکت کا ”جشن“ منانے کی اطلاعات سے تکلیف پہنچی ہیں۔

کینیڈا میں نفرت یا تشدد کی قصیدہ خوانی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ میں واضح طور پر ان سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہوں۔“ کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ملند دیوڑا نے برامپٹن کی حالیہ پریڈ میں اندرا گاندھی کے قتل کو پیش کرنے والی حالیہ جھانکی کا مبینہ ویڈیو شیئر کیا جو سوشل میڈیا پرگشت کررہا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ بطور ہندوستانی مجھے 5کلومیٹر طویل پریڈ سے بے حد تکلیف پہنچی ہے جو کینیڈا کے برامپٹن شہر میں نکالی گئی جس میں اندرا گاندھی کا قتل دکھایا گیا۔ یہ کسی کی طرفداری کا نہیں بلکہ ملک کی تاریخ کے لیے احترام اور اس کے وزیراعظم کی ہلاکت سے ہوئی تکلیف کامعاملہ ہے۔

یہ شدت پسندی عالم گیر مذمت اور متحدہ ردعمل کا تقاضا کرتی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ میں پوری طرح متفق ہوں یہ گھٹیا حرکت ہے اور ڈاکٹر جئے شنکر کو یہ معاملہ کینیڈین حکام کے ساتھ پوری طاقت سے اٹھانا چاہیے۔