ڈی سرینواس کی گھرواپسی کانگریس میں اختلافات
سینئر قائد ڈی سرینواس کی گھر واپسی کے بعد حسب توقع کانگریس میں اختلافات سامنے آگئے ہیں۔ ضلع نظام آباد کے کانگریس انچارج مہیش کمار گوڑ کو ڈی سرینواس کی گھرواپسی پسند نہیں آئی۔

حیدرآباد: سینئر قائد ڈی سرینواس کی گھر واپسی کے بعد حسب توقع کانگریس میں اختلافات سامنے آگئے ہیں۔ ضلع نظام آباد کے کانگریس انچارج مہیش کمار گوڑ کو ڈی سرینواس کی گھرواپسی پسند نہیں آئی۔
انہوں نے ڈی سرینواس اور ان کے فرزندو سابق میئر نظام آباد ڈی سنجے کی کانگریس میں دوبارہ شمولیت پر شدید رد عمل ظاہر کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ دونوں کی گھر واپسی سے کانگریس کو کچھ فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے پارٹی کی ریاستی قیادت پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ڈی سرینواس کو پارٹی میں شامل کرنے سے پہلے کس سے اجازت لی گئی۔
بطور کانگریس صدر مجھے خود اس بات کی اطلاع نہیں تھی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ پارٹی قیادت نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ سے انہیں ٹکٹ دیاجائے گا۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ڈی سرینواس کے فرزند ڈی سنجے بھی نظام آباد اربن سے ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اس لیے ڈی سرینواس نے گھرواپسی کی ہے جس کے بعد نظام آباد کانگریس میں ٹکٹ کے لیے جھگڑوں کاآغاز ہوگیاہے۔