حیدرآباد

حیدرآباد میں غیر قانونی ڈھانچوں کیخلاف حائیڈرا کی مہم کا دوبارہ آغاز، 50 افراد کو نوٹس جاری

تجاوزات کی نشاندہی کیلئےHYDRA نے سروے آف انڈیا کے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ایک وسیع پیمانے پر سروے کیا، جس میں صرف عوامی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

حیدرآباد: حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ اسسیٹ پروٹیکشن ایجنسی (HYDRA) نے شہر بھر میں سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی ڈھانچوں کے خلاف اپنی مہم کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت HYDRA نے تقریباً 50 افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں، جن کے تجاوزات پارکوں، فٹ پاتھوں اور نالوں جیسی سرکاری اراضی پر موجود ہیں۔

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر یہ غیر قانونی تعمیرات رضاکارانہ طور پر نہ ہٹائے گئے توایک سے دو ہفتوں کے اندر انہیں منہدم کر دیا جائے گا۔ HYDRA نے خبردار کیا ہے کہ بروقت تجاوزات نہ ہٹانے کی صورت میں سخت اقدامات کیے جائیں گے، اور سرکاری اراضی کی واپسی کیلئے فوری طور پر مداخلت کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ شہر کی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا سکے اور ماحولیاتی مسائل کو حل کیا جا سکے۔

تجاوزات کی نشاندہی کیلئےHYDRA نے سروے آف انڈیا کے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ایک وسیع پیمانے پر سروے کیا، جس میں صرف عوامی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، یہ کارروائی شہریوں کی جانب سے فٹ پاتھوں کی بندش، سڑکوں کے تنگ ہونے اور پانی کی نکاسی کے مسائل سے متعلق متعدد شکایات کے بعد کی گئی ہے۔

یہ انہدامی اقدام ریاستی حکومت کے وسیع شہری منصوبوں کے مطابق ہے، جن میں سیلاب سے بچاؤ، آبی ذخائر کی بحالی اور حیدرآباد میں کھلی سبز جگہوں کو برقرار رکھنے کے منصوبے شامل ہیں۔

 ایجنسی نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حیدرآباد کے باشندوں کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار ماحول کو یقینی بنانا ہے۔