اڈانی کوئلہ درآمد کیس، چیف جسٹس کو 21 تنظیموں کا مکتوب
کم ازکم 21 بین الاقوامی تنظیموں نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کو لکھا ہے کہ سپریم کورٹ‘ ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس(ڈی آر ائی) کے زیرالتوا کیس کی تیزی سے یکسوئی کردے۔

نئی دہلی: کم ازکم 21 بین الاقوامی تنظیموں نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کو لکھا ہے کہ سپریم کورٹ‘ ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس(ڈی آر ائی) کے زیرالتوا کیس کی تیزی سے یکسوئی کردے۔
ڈی آر آئی‘ اڈانی گروپ فرمس کے خلاف تحقیقات کررہی ہے۔ معاملہ انڈونیشیا سے درآمدکردہ کوئلہ کے دام بڑھاچڑھاکر دکھائے جانے کا ہے۔
یہ مکتوب لندن کے اخبار فینانشیل ٹائمس کی رپورٹ کے بعد لکھا گیا۔ اخبار نے جارج سوروس کے تائیدی آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجکٹ(او سی سی آر پی) کے حوالہ سے لکھا کہ اڈانی گروپ نے سال 2013 میں گھٹیا کوئلہ اونچے دام پر فروخت کرکے ”فراڈ“ کیا۔
چیف جسٹس چندرچوڑ کو مکتوب لکھنے والی 21 بین الاقوامی تنظیموں میں آسٹریلین سنٹر فار انٹرنیشنل جسٹس‘فرینڈس آف ارتھ آسٹریلیا‘ لندن مائننگ گروپ‘ موو بیانڈ کول‘ سینئرس فار کلائمیٹ ایکشن ناؤ‘ اسٹانڈ ارتھ‘ اسٹاپ اڈانی‘ سن رائز موومنٹ‘ ٹپنگ پوائنٹ‘ ٹاگزک بانڈس‘ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل آسٹریلیا اور دیگر شامل ہیں۔