سپریم کورٹ کا وقف ترمیمی قانون کی بعض دفعات کو اسٹے کرنا خوش آنند قدم، مسلمان جدوجہد جاری رکھیں: مسلم پرسنل لا بورڈ
وقف بچاؤ دستور بچاؤ مہم کے پروگرام کو چلاتے رہیں، اس کے ساتھ ساتھ ایک تشویشناک اطلاع یہ ہے کہ حکومت ہندو مسلم ایجنڈے کو گرم رکھنے کے لئے یونیفارم سول کوڈ کا موضوع اٹھانے جا رہی ہے۔

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے وقف قانون 2025 کی بعض دفعات کو سپریم کورٹ کی طرف سے اسٹے کرنا ایک خوش آئند قدم ہے اور اس سے ملک کی عدلیہ پر مظلوموں کا اعتماد بڑھے گا اور پوری امید ہے کہ ان شاء اللہ یہ پورا قانون ہی مسترد ہو جائے گا۔
آج یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور جنرل سکریٹری حضرت مولانا فضل الرحیم مجددی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے کی وجہ سے مطمئن نہیں ہوں؛ بلکہ پُر امن طریقہ پر اپنی جدوجہدجاری رکھیں۔
وقف بچاؤ دستور بچاؤ مہم کے پروگرام کو چلاتے رہیں، اس کے ساتھ ساتھ ایک تشویشناک اطلاع یہ ہے کہ حکومت ہندو مسلم ایجنڈے کو گرم رکھنے کے لئے یونیفارم سول کوڈ کا موضوع اٹھانے جا رہی ہے۔
جس کاحکومت کے نمائندے نے اعلان کیا ہے؛ اس لئے احتجاجی پروگراموں میں وقف کے مسئلہ کے ساتھ ساتھ یونیفارم سول کوڈ کے مسئلہ کو بھی پوری قوت کے ساتھ اُٹھایا جائے۔