جموں وکشمیر کے ووٹروں سے ترقی کیلئے ووٹ دینے کھڑگے کی اپیل
کھڑگے نے سوشل میڈیا 'ایکس' پر کہا، "جموں وکشمیر کے لوگ اپنے حقوق کے تحفظ اور حقیقی ترقی اور مکمل ریاست کے نئے دور کا آغاز کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امن، استحکام، انصاف اور ترقی کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ دیں۔
کھڑگے نے سوشل میڈیا ‘ایکس’ پر کہا، "جموں وکشمیر کے لوگ اپنے حقوق کے تحفظ اور حقیقی ترقی اور مکمل ریاست کے نئے دور کا آغاز کرنے کے لیے بے چین ہیں۔ چونکہ 24 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ شروع ہو رہا ہے، ہم ہر ایک ووٹر سے اپنے جمہوری حق کا استعمال کرنے اور بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "ہر ایک ووٹ مستقبل کی تشکیل اور امن، استحکام، انصاف، ترقی اور اقتصادی بااختیاری کا دور لانے کی طاقت رکھتا ہے۔ ہم ہر ایک ووٹر سے، بالخصوص پہلی بار ووٹ دینے والوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس اہم انتخاب میں حصہ لیں اور تبدیلی کا محرک بنیں۔”
انہوں نے کہا کہ "پہلی بار کسی مکمل ریاست کو مرکز کے زیر انتظام خطے میں تبدیل کیا گیا ہے۔ جب آپ اپنا ووٹ ڈالیں تو یاد رکھیں کہ اس بے عزتی کا ذمہ دار کون ہے؟” آئیے ہم متحد ہو کر جموں وکشمیر کے روشن مستقبل کی تعمیر کریں جہاں تمام شہریوں کی آواز سنی جائے۔”