پرجا بھون کو ڈپٹی چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
پرگتی بھون میں پرجا دربار کے انعقاد اور ڈپٹی چیف منسٹر کی قیامگاہ کے بعد چیف منسٹر کیمپ آفس کیلئے مناسب عمارت کی تلاش جاری ہے۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر نے گذشتہ دو روز قبل مری چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر کا معائنہ کیا تھا۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے پرگتی بھون جس کو جیوتی راؤ پھلے پرجابھون کے نام سے موسوم کیا گیا ہے، کو ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکہ کی سرکاری رہائش گاہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلہ میں آج احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد پرجا بھون میں پرجادربار منعقد کیا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے قیام کے ساتھ ساتھ پرجا بھون میں پرجا دربار بھی منعقد ہوتے رہیں گے۔
تاہم پرگتی بھون میں پرجا دربار کے انعقاد اور ڈپٹی چیف منسٹر کی قیامگاہ کے بعد چیف منسٹر کیمپ آفس کیلئے مناسب عمارت کی تلاش جاری ہے۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر نے گذشتہ دو روز قبل مری چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر کا معائنہ کیا تھا۔
اگر اس ادارے میں چیف منسٹر کیمپ آفس قائم کیا جاتا ہے تو مری چنا ریڈی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کو پرجابھون منتقل کیا جائے گا۔ کیونکہ مری چنا ریڈی انسٹیٹیوٹ میں تمام سہولتیں بشمول سیکوریٹی، گاریؤں کی پارکنگ کیلئے وسیع وعریض جگہ موجود ہے۔ امکان ہے کہ حکومت بہت جلد اسکا فیصلہ کرے گی۔