انٹرٹینمنٹ

"حد میں رہ کر بات کریں”؛ زرین خان نے پاپارازی کو سخت جواب دے کر سب کی توجہ حاصل کر لی

زرین خان نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ سب کے سامنے ایسا کرنا ممکن نہیں اور کسی کو بھی ان سے اس طرح کی غیر مناسب بات کرنے کا حق نہیں۔ انہوں نے پاپارازی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حدود میں رہ کر بات کریں، کیونکہ وہ کسی بھی غیر مناسب رویے کو ہرگز برداشت نہیں کریں گی۔

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے ایک تقریب کے دوران پاپارازی کے نامناسب رویے پر سخت برہمی کا اظہار کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

پیر کے روز ممبئی میں منعقدہ ایک ایونٹ کے دوران زرین خان مختلف ملبوسات دیکھ رہی تھیں۔ اسی دوران ایک فوٹوگرافر نے انہیں وہیں لباس تبدیل کرکے دکھانے کی بات کہی، جس پر اداکارہ ناراض ہو گئیں۔

زرین خان نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ سب کے سامنے ایسا کرنا ممکن نہیں اور کسی کو بھی ان سے اس طرح کی غیر مناسب بات کرنے کا حق نہیں۔ انہوں نے پاپارازی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حدود میں رہ کر بات کریں، کیونکہ وہ کسی بھی غیر مناسب رویے کو ہرگز برداشت نہیں کریں گی۔

اداکارہ کے اس واضح اور پراعتماد مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا۔ متعدد صارفین نے زرین خان کے جواب کو درست قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی، جبکہ بعض نے کہا کہ کچھ پاپارازی کا رویہ دن بہ دن غیر پیشہ ورانہ ہوتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب زرین خان نے حال ہی میں اپنی بھانجی آئیزل خان کی پہلی سالگرہ بھی محبت بھرے انداز میں منائی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھانجی ان کی زندگی میں ایک نعمت بن کر آئی ہے اور اس نے ان کی زندگی کو بے شمار خوشیوں سے بھر دیا ہے۔ اداکارہ نے آئیزل کے لیے خوشیوں، کامیابی اور برکتوں بھری زندگی کی دعا بھی کی۔