حیدرآباد

اپوزیشن پر تباہ کن سیاست کا الزام: جے پی نڈا

بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے تعمیری سیاست کی جارہی تو دوسری طرف اپوزیشن پارٹیاں، بدعنوان حکومتوں کے تعاون سے تباہ کن سیاست کررہی ہیں۔

حیدرآباد۔: بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے تعمیری سیاست کی جارہی تو دوسری طرف اپوزیشن پارٹیاں، بدعنوان حکومتوں کے تعاون سے تباہ کن سیاست کررہی ہیں۔

آج بی جے پی کے قومی عاملہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں بی جے پی غربت کے خاتمہ کیلئے کام کررہی ہے وہیں اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے خاندانوں کو فائدہ پہنچا نے کیلئے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ڈؤب چکی ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی مخالفت کے نام پر ملک کی مخالفت کی جارہی ہے۔رافیل جنگی طیاروں کی خریداری پر عائد کرپشن کے الزامات اسی سلسلہ کی کڑی تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سب کا ساتھ سب کا وکاس کے نظریہ پر عمل کرتی رہی ہے۔

قبائیلی آبادی کی ترقی اور ان کے وقار میں اضافہ کرنے کے نیک مقصد کے تحت صدارتی امیدوار کے طور پر دروپدی مرمو کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 9سالوں کے دوران مودی کی حکومت میں بے شمار فلاحی اسکیمات کو شروع کیا گیا۔

جن دھن یو جنا، آیوشمان بھارت، پی ایم کسان یوجنا، جیسی اسکیموں کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ان فلاحی اسکیموں کی وجہ سے ہی اترپردیش، منی پور، اترکھنڈ، گوا میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی تلنگانہ کی ہر طرح سے مدد کررہی ہے۔

ملک میں کسی بھی ریاست کے ساتھ بھید بھاو اختیارکرنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔جے پی نڈا نے بی جے پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔