امریکہ کی سپریم کورٹ میں ٹی سی ایس کی عرضی خارج
ٹی سی ایس نے منگل کو شیئر بازار کو بتایا کہ امریکی سپریم کورٹ نے 15 جون کو امریکی صوبائی اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے دائر اس کی عرضی کو خارج کر دیا ہے۔ یہ معاملہ امریکہ کی ڈی ایکس سی ٹیکنالوجی کمپنی (سابقہ نام کمپیوٹر سائنسیز کارپوریشن) سے جڑا ہوا ہے۔
ممبئی: امریکہ کے سپریم کورٹ نے ایک دوسری کمپنی کے سافٹ ویئر تک غیر قانونی رسائی حاصل کرنے کے ایک معاملے میں ہندوستانی ٹیکنالوجی کمپنی ٹی سی ایس کی نظرثانی کی عرضی خارج کر دی ہے۔
ٹی سی ایس نے منگل کو شیئر بازار کو بتایا کہ امریکی سپریم کورٹ نے 15 جون کو امریکی صوبائی اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے دائر اس کی عرضی کو خارج کر دیا ہے۔ یہ معاملہ امریکہ کی ڈی ایکس سی ٹیکنالوجی کمپنی (سابقہ نام کمپیوٹر سائنسیز کارپوریشن) سے جڑا ہوا ہے۔
الزام ہے کہ ٹی سی ایس نے اپنے یہاں تعینات ڈی ایکس سی ٹیکنالوجی کے سابق ملازمین کے ذریعے اس کے لائف انشورنس سافٹ ویئر تک غیر قانونی رسائی حاصل کی تھی۔
امریکہ کے صوبائی اپیلیٹ کورٹ نے الزام کو درست قرار دیتے ہوئے ٹی سی ایس کو 16.8 کروڑ ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ ٹی سی ایس نے شیئر بازار کو بتایا ہے کہ اس نے پہلے ہی کھاتوں میں اس معاملے کے لیے 15 کروڑ ڈالر کا التزام کیا ہوا ہے۔
جاری مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں اس مد میں سات کروڑ ڈالر کا مزید التزام کیا جائے گا۔ اس رقم کا استعمال مقدمے سے جڑی تلافی، سود اور قانونی اخراجات کی ادائیگی کے لیے کیا جائے گا۔