کھیل

ٹیم انڈیا انگلینڈ کیخلاف جیت کا چھکا لگانے کیلئے میدان میں اُترے گی

ورلڈ کپ کا موجودہ سفر 2019 کی چیمپئن انگلینڈ کے لیے اب تک انتہائی مایوس کن رہا ہے، ایسے میں انگلینڈ کی ٹیم ہندوستان کے خلاف جیت کر کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کی پوری کوشش کرے گی

لکھنؤ: آئی سی سی ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل تسخیر رہنے والی ہندوستانی ٹیم اتوار کو انگلینڈ کے خلاف چھ جیت کا چھکا لگنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی، جب کہ دفاعی چیمپئن کو سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لئے یہ میچ کسی بھی قیمت پر جیتنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں
پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف 19 برس بعد تاریخی جیت
ورلڈکپ:شائقین نے لائیو اسٹریمنگ کا ریکارڈ بنادیا
نیوزی لینڈ نے پہلی مرتبہ ہندوستان میں ٹسٹ سیریز جیت لی
ٹیم انڈیا کے 6 ماہ کے مصروف ترین شیڈول کا اعلان
ہندوستان کے پہلے فوجی طیارہ ساز یونٹ کا افتتاح

ورلڈ کپ کا موجودہ سفر 2019 کی چیمپئن انگلینڈ کے لیے اب تک انتہائی مایوس کن رہا ہے، ایسے میں انگلینڈ کی ٹیم ہندوستان کے خلاف جیت کر کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کی پوری کوشش کرے گی، حالانکہ اس کے لیے یہ اتنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ ہندوستان کی ٹیم اس وقت شاندار فارم میں ہے ۔

انگلینڈ کے لئے وراٹ کوہلی کو روکنا آسان نہیں ہوگا ۔ وراٹ کوہلی شاندار فارم میں ہیں اور انگلینڈ کے خلاف سنچری لگاکر ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر کی برابری کرسکتے ہیں۔

اٹل بہاری واجپئی ایکانا اسٹیڈیم کی پچ اب تک بلے بازوں کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے، ایسے میں یہاں بہت زیادہ رنز بننے کا امکان ہے۔ گزشتہ میچ میں ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر محمد شامی اور انگلینڈ کے خلاف شاندار ریکارڈ رکھنے والے روی چندرن اشون کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے پر شائقین کی نظریں ان پر ہوں گی۔ اس کے علاوہ کلدیپ یادو گھریلو ناظرین کی موجودگی میں ہندوستان کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔

کپتان روہت شرما کی منصوبہ بندی اس عالمی کپ میں شاندار رہی ہے۔ جارحانہ بلے بازی کر کے باؤلرز پر دباؤ ڈالنے کی ان کی حکمت عملی اب تک حیرت انگیز رہی ہے جس کی وجہ سے مڈل آرڈر بلے بازوں کو بلا خوف کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، حالانکہ اس عالمی کپ میں مڈل آرڈر کا اصل امتحان ہونا ابھی باقی ہے۔ روہت اینڈ کمپنی اچھی طرح جانتے ہیں کہ لگاتار شکستوں کے باوجود انگلینڈ کسی بھی وقت واپسی کر سکتا ہے، اس لیے وہ اسے کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے۔ انگلینڈ کی کارکردگی کا انحصار کسی حد تک ان کے بلے باز روٹ کی بیٹنگ پر ہوگا۔

ایکانا اسٹیڈیم کی بات کریں تو یہاں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کی کامیابی کا تناسب بہت زیادہ ہے، ایسے میں اگر ہندوستانی ٹیم، جو اب تک رنز کا تعاقب کرنے میں کامیاب رہی ہے، ٹاس جیتنے میں کامیاب رہی تو وہ ایک مرتبہ پھر فیلڈنگ کا انتخاب کرے گی۔