تلنگانہ: چرواگٹو مندر کے دامن میں آگ لگنے سے 17 دکانیں اور 15 ٹھیلے جل کر خاکستر
پولیس کے مطابق آگ ایک کھلونوں کی دکان سے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دکانوں تک پھیل گئی۔ اس دوران دو گیس سلنڈر بھی پھٹ گئے، جس سے آگ مزید بھڑک اٹھی۔ آگ کی لپیٹ میں گرام پنچایت کا دفتر بھی آ گیا، جہاں کئی سرکاری دستاویزات جل کر تباہ ہو گئیں۔
نلگونڈہ: تلنگانہ کے ضلع نلگونڈہ کے نارکٹ پلی منڈل میں واقع چرواگٹو پہاڑی کے دامن میں ہفتہ کی دیر رات زبردست آگ لگنے سے شری پاروتی جڈالا رامالنگیشورا سوامی مندر کے قریب 17 دکانیں اور 15 ٹھیلے جل کر خاکستر ہو گئے۔ اس حادثے میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق آگ ایک کھلونوں کی دکان سے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دکانوں تک پھیل گئی۔ اس دوران دو گیس سلنڈر بھی پھٹ گئے، جس سے آگ مزید بھڑک اٹھی۔ آگ کی لپیٹ میں گرام پنچایت کا دفتر بھی آ گیا، جہاں کئی سرکاری دستاویزات جل کر تباہ ہو گئیں۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ چونکہ واقعہ آدھی رات کے وقت پیش آیا، اس لیے تمام دکانیں بند تھیں اور کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔