حیدررآباد میں ایک اور سب انسپکٹر رنگے ہاتھوں گرفتار
تلنگانہ اے سی بی نے کیسا را پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کونڈا ریڈی سرینواس کو مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ دو فوجداری مقدمات کی تحقیقات میں تیزی لانے اور فوری چارج شیٹ داخل کرنے کے عوض رقم طلب کرنے کا الزام، اے سی بی نے پوری رقم برآمد کرلی۔
حیدرآباد: تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے رشوت ستانی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کیسا را پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک سب انسپکٹر کو مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ گرفتار پولیس عہدیدار کی شناخت کونڈا ریڈی سرینواس کے طور پر کی گئی ہے۔
اے سی بی حکام کے مطابق، سب انسپکٹر نے ایک شکایت کنندہ سے 2 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔ شکایت کنندہ کے خلاف کیسا را پولیس اسٹیشن میں دو فوجداری مقدمات درج تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان مقدمات کی تحقیقات میں تیزی لانے اور فوری طور پر چارج شیٹ داخل کرنے کے عوض مبینہ طور پر رشوت طلب کی گئی تھی۔
شکایت موصول ہونے کے بعد اے سی بی سٹی رینج-2 کے عہدیداروں نے منصوبہ بند طریقے سے کارروائی کرتے ہوئے پیر 9 نومبر کو سب انسپکٹر کو مبینہ طور پر رشوت کی رقم قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اے سی بی نے ان کے قبضے سے رشوت کی پوری رقم 2 لاکھ روپے بھی برآمد کرلی۔
کارروائی کے بعد ملزم پولیس عہدیدار کو گرفتار کرکے نامپلی میں واقع ایس پی ای اور اے سی بی مقدمات کی سماعت کرنے والی پہلی ایڈیشنل خصوصی عدالت کے جج کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیجنے کی کارروائی کی گئی۔
اے سی بی کے مطابق، ملزم نے مبینہ طور پر اپنے سرکاری عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر شکایت کنندہ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
دوران انسپکٹر انجنیلو اور ایس آئی گیانیندر ریڈی بھی رشوت لیتے ہوئے اے سی بی کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں۔