تلنگانہ کے وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ دبئی میں پھنس گئے
علاج مکمل ہونے کے بعد ان کی واپسی کی منصوبہ بندی تھی تاہم مغربی ایشیا میں جنگی حالات کے پیش نظر عرب ممالک کی جانب سے فضائی حدود کو بند کرنے اور پروازوں کی منسوخی ان کی واپسی میں رکاوٹ بن گئی۔
حیدرآباد: ایران، امریکہ و اسرائیل کے درمیان ہونے والے فضائی حملوں کے سبب تلنگانہ کے وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ دبئی میں پھنس گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وزیر موصوف پانچ دن قبل اپنے خاندان کے ایک رکن کی اچانک ناسازی صحت اور بہتر طبی علاج کی غرض سے دبئی گئے تھے۔
علاج مکمل ہونے کے بعد ان کی واپسی کی منصوبہ بندی تھی تاہم مغربی ایشیا میں جنگی حالات کے پیش نظر عرب ممالک کی جانب سے فضائی حدود کو بند کرنے اور پروازوں کی منسوخی ان کی واپسی میں رکاوٹ بن گئی۔
اتوار کی آدھی رات دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمنل 3 کے قریب مبینہ میزائل یا ڈرون حملوں کی خبروں کے بعد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایئرپورٹ حکام نے تمام پروازیں روک دی ہیں۔
امارات، ایئر انڈیا اور انڈیگو سمیت دیگر فضائی کمپنیوں نے اپنی سروسز معطل کر دی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کے ساتھ وزیر ناگیشور راؤ بھی وہیں رکنے پر مجبور ہیں۔
فی الحال وزیر اور ان کے ارکان خاندان کے محفوظ ہونے کی اطلاع ہے تاہم فضائی حدود کے دوبارہ کھلنے اور کلیئرنس ملنے تک ان کی واپسی ممکن نہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر تلنگانہ حکومت کے حکام ہندوستانی سفارت خانہ سے مسلسل رابطہ میں ہیں جب کہ حکومت کی جانب سے اس معاملہ پر بیان کا انتظار ہے۔