میڈی گڈہ بیاریج کا معائنہ کرنے چندرشیکھرراو کو وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی کی دعوت
تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پانچویں دن وزیراعلی ریونت ریڈی نے میڈی گڈہ بیاریج میں بدعنوانی کے بارے میں اظہار خیال کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پانچویں دن وزیراعلی ریونت ریڈی نے میڈی گڈہ بیاریج میں بدعنوانی کے بارے میں اظہار خیال کیا۔
انہوں نے اس بیاریج کو ہوئے نقصان کا معائنہ کرنے کیلئے تمام جماعتوں کے ارکان کووزرا اورارکان اسمبلی کے وفد کے ساتھ چلنے کیلئے مدعو کیا۔
انہوں نے کہاکہ اسمبلی کے اراکین کو حقائق دیکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سابق وزیراعلی چندرشیکھرراو کو میڈی گڈہ کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ اچھا ہوگا کہ چندرشیکھرراو اس پروجیکٹ کے بارے میں وضاحت کریں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے ارکان بس کے ذریعہ میڈی گڈہ بیاریج کا دورہ کررہے ہیں۔
اگر چندرشیکھرراو کا بس سے آنا مشکل ہو تو وہ ہیلی کاپٹر سے آ سکتے ہیں۔ان کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھی تیار رکھاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دور میں پولیس کی بھاری موجودگی نے کسی کو وہاں جانے سے روکا۔موجودہ حکومت نے اس معاملہ میں ویجنلس کے ذریعہ جانچ کی ہدایت دی۔
اراکین کو حقائق کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ارکان اسمبلی میں ایم ایل اے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اس دورہ کا انتظام کیاگیا۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ جلد ہی ایک وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا جس میں پراجیکٹس کی تعمیر، فیصلوں، لاپرواہی اور ہیرا پھیری کے تمام پہلوؤں کو شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے ارکان اسمبلی وکونسل کو مدعو کیا کہ وہ میڈی گڈہ کا دورہ کریں تاکہ وہ منہدم میڈی گڈہ بیاریج اور انرام اور سنڈیلا بیاریج کی حالت خود دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ خاص طور پر سابق وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ، سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ اور ایک اور سینئر سابق وزیر کڈیم سری ہری کو اس دورہ پر ضرور آنا چاہئے اور ارکان کو بتانا چاہئے کہ کالیشورم پراجکٹ کس طرح عالمی معیار کا منصوبہ بن گیا ہے۔
2008 میں 38,500 کروڑ روپے کی لاگت والا پرانہیتا۔چیوڑلہ پراجیکٹ تھا تاہم سابق حکومت نے ری ڈیزائن کے نام پر تخمینی لاگت بڑھا کر 1 لاکھ 47 ہزار کروڑ روپے کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی ڈیم سیفٹی حکام کہہ رہے تھے کہ تعمیراتی نقائص کی وجہ سے میڈی گڈہ کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر سے متعلق حقائق ریاست کے عوام کو معلوم ہونے چاہئیں۔اس موقع پر وزیر آئی ٹی سریدھر بابونے کہاکہ میڈی گڈہ بیاریج میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوا۔پچھلی حکومت نے عوام کے ہزاروں کروڑ روپے کا غلط استعمال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں بنائے گئے ڈیم 50 سال سے زیادہ پرانے ہیں۔ خستہ حال بیاریج کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔اس کے بعد اسپیکر نے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بدھ تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔