حیدرآباد

قرآنِ مجید سے وابستگی ہی امتِ مسلمہ کی کامیابی کا ضامن ہے: مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کے زوال اور فکری و عملی کمزوری کی سب سے بڑی وجہ قرآن و سنت سے دوری ہے۔ اگر ہم اپنی فکری، علمی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی بنیادوں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو لازم ہے کہ قرآن و سنت سے اپنے تعلق کو ازسرِنو مضبوط کریں۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی، حیدرآباد کے خطیب و امام مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآنِ مجید انسانیت کے لیے رشد و ہدایت اور نجات کا کامل و جامع دستورِ حیات ہے۔ اللہ رب العزت نے اسے قیامت تک آنے والی نسلوں کے لیے آخری الہامی کتاب کے طور پر نازل فرمایا، جس میں دین و دنیا دونوں کی کامیابیوں کے اصول بیان کر دیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں
جامع مسجد عالم پلی وقارآباد میں افتتاحی جلسہ ماہانہ درس تفسیر قرآن کریم کا انعقاد
یوٹیوب پر کلک بیٹ (Clickbait) کے ذریعے کمائی کا شرعی حکم،مولانامفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
حیدرآباد: احسان — دین کی روح اور بندگی کا اعلیٰ مقام، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد دکن فاؤنڈیشن آف کینیڈا (ایچ ڈی ایف سی) بورڈ میٹنگ – بشیر بیگ ایجوکیشنل ٹرسٹ کی منظوری
تعلیم و تربیت کا رشتہ بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت — مولانا صابر پاشاہ قادری

مولانا نے کہا کہ جس طرح رسولِ اکرم ﷺ تمام انبیائے کرام کے کمالات کے جامع بنائے گئے، اُسی طرح قرآنِ مجید تمام آسمانی صحائف کے علوم و معارف کا آخری اور مکمل مجموعہ ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کے زوال اور فکری و عملی کمزوری کی سب سے بڑی وجہ قرآن و سنت سے دوری ہے۔ اگر ہم اپنی فکری، علمی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی بنیادوں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو لازم ہے کہ قرآن و سنت سے اپنے تعلق کو ازسرِنو مضبوط کریں۔

انہوں نے سورۃ البقرہ اور سورۃ بنی اسرائیل کی آیات کی تلاوت کرتے ہوئے کہا کہ:
"اِنَّ هٰذَا الْقُرْاٰنَ یَهْدِیْ لِلَّتِیْ هِیَ اَقْوَمُ”
یہ قرآن ہر زمانے میں حق و باطل کے درمیان واضح فرق اور سیدھی راہ دکھانے والا نور ہے۔

مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری نے حدیثِ نبوی ﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا:
"میں تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں، اگر تم ان کو مضبوطی سے تھامے رکھو گے تو کبھی گمراہ نہ ہوگے: اللہ کی کتاب اور اس کے نبی ﷺ کی سنت۔” (موطا امام مالک)

انہوں نے قرآن کی تلاوت اور اس کے برکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید اللہ تعالیٰ کا محبوب کلام ہے، جس کی تلاوت دلوں کو منور اور زندگیوں کو بابرکت بناتی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا:
"جس کو قرآن اور ذکرِ الٰہی نے اس قدر مشغول رکھا کہ وہ دعا بھی نہ مانگ سکا، اللہ تعالیٰ اسے اُن سب سے زیادہ عطا فرماتا ہے جو مانگنے والے کو ملتا ہے۔” (ترمذی)

مولانا نے مزید کہا کہ قرآن والے ہی دراصل اللہ والے اور اُس کے خاص بندے ہیں۔ (ابن ماجہ)
انہوں نے قرآن سیکھنے اور سکھانے کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ رسولِ اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:
"تم میں بہترین وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔” (بخاری)

انہوں نے کہا کہ جو شخص قرآن کو محنت سے پڑھتا ہے، اسے دوہرا اجر ملتا ہے، اور جو ماہر قاری ہے وہ مقرب فرشتوں کے ساتھ ہوگا۔ (بخاری و مسلم)

مولانا صابر پاشاہ قادری نے مزید فرمایا کہ جن گھروں میں قرآن کی تلاوت کی جاتی ہے، وہ آسمان والوں کو ایسے روشن دکھائی دیتے ہیں جیسے زمین والوں کو ستارے نظر آتے ہیں۔ قرآن سے خالی دل ویران گھر کی مانند ہے، اور تلاوتِ قرآن سے دلوں کو سکون اور زندگی حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے مختلف احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن پڑھنے اور اس پر عمل کرنے والے کے والدین کو قیامت کے دن ایک ایسا تاج پہنایا جائے گا جس کی روشنی سورج سے زیادہ حسین ہوگی۔ (حدیث)

مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ قرآن اللہ تعالیٰ کا دسترخوان ہے، جو اس سے جتنا حاصل کرے گا، اتنا ہی فیضیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن سے تعلق ہی دراصل اللہ سے تعلق ہے، اور جو قرآن کو اپنا رہنما بنائے گا وہ کبھی گمراہ نہیں ہوگا۔

آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قرآنِ مجید کی تعلیم، تلاوت اور اس پر عمل کو اپنی زندگیوں کا لازمی حصہ بنائیں، تاکہ امت مسلمہ دوبارہ اپنے روشن ماضی کی طرح عزت و سرفرازی حاصل کر سکے۔