تلنگانہ

تلنگانہ سی آئی ڈی کے ڈائرکٹر جنرل کی اہلیہ سڑک حادثہ میں ہلاک

سینئر سی آئی ڈی عہدیدار، پیر کے روز اپنی بیوی شیلا اور دیگر 2 افراد کے ساتھ دوپہر 2.25 بجے تانوٹ ماتا مندر کا دورہ کرنے کے بعد رام گڑھ جا رہے تھے کہ تانوٹ ماتا مندر اور رام گڑھ کے درمیان سڑک پر ان لوگوں کی گاڑی الٹ گئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے ڈائرکٹر جنرل گووند سنگھ کی اہلیہ کی ایک سڑک حادثہ میں موت ہوگئی جبکہ خود گووند سنگھ سمیت تین دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ پیر کو ریاست راجستھان کے جیسلمیر میں اس وقت پیش آیا جب ان کی کار بے قابو ہوکر الٹ گئی تھی۔

سینئر سی آئی ڈی عہدیدار، پیر کے روز اپنی بیوی شیلا اور دیگر 2 افراد کے ساتھ دوپہر 2.25 بجے تانوٹ ماتا مندر کا دورہ کرنے کے بعد رام گڑھ جا رہے تھے کہ تانوٹ ماتا مندر اور رام گڑھ کے درمیان سڑک پر ان لوگوں کی گاڑی الٹ گئی۔

تلنگانہ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ گاڑی دو سے تین بار الٹ گئی اور اس دوران مہلوک خاتون گاڑی سے اچھل کے باہر جاگریں جس کے نتیجے میں ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔

بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوانوں نے زخمیوں کو گاڑی سے باہر نکالا اور انہیں رام گڑھ کے قریبی کمیونٹی ہیلتھ کیئر سنٹر منتقل کیا جہاں معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے گووند سنگھ کی اہلیہ شیلا کو مردہ قرار دیا۔

ڈی جی (سی آئی ڈی) کی حالت مستحکم ہے جبکہ ان کا ڈرائیور وجیندر بھی ایک اور شخص کے ساتھ اس حادثے میں زخمی ہوا ہے۔ کار میں جملہ چار افراد سوار تھے۔ حادثہ میں گاڑی کو بری طرح نقصان پہنچا۔

ڈی جی (سی آئی ڈی) اپنی اہلیہ کے ساتھ رخصتی سفر کی رعایت (ایل ٹی سی) پر تھے۔ گووند سنگھ اگلے ماہ ریٹائرڈ ہونے والے ہیں۔

ڈی جی انجنی کمار سمیت تلنگانہ پولیس کے کئی عہدیداروں نے اس واقعہ پر صدمے کا اظہار کیا اور لواحقین سے تعزیت کی۔ انجنی کمار نے کہا کہ اس تکلیف کے وقت ہم خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مہلوک اہلیہ کی لاش کو ان کے آبائی مقام فرید آباد منتقل کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔