تلنگانہ کے وزیراعلیٰ نے سائبر جرائم اور منشیات کے خلاف مہم چلانے پر خصوصی زور دیا
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریوَنتھ ریڈی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ریاستی حکومت اگلے 10 برسوں میں پولیس کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تیار کر رہی ہے، جس میں سائبر جرائم پر لگام لگانے، منشیات کے مسئلے سے نمٹنے، محکمہ پولیس میں بدعنوانی کو ختم کرنے اور قانون نافذ کرنے والے بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریوَنتھ ریڈی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ریاستی حکومت اگلے 10 برسوں میں پولیس کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تیار کر رہی ہے، جس میں سائبر جرائم پر لگام لگانے، منشیات کے مسئلے سے نمٹنے، محکمہ پولیس میں بدعنوانی کو ختم کرنے اور قانون نافذ کرنے والے بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سینئر پولیس افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے افسران کو ریاست بھر میں پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک اسٹریٹجک روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
مسٹر ریڈی نے انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو مستقبل میں تیزی سے بدلتے ہوئے جرائم کے طریقوں کے مطابق خود کو ڈھالنے اور جدید ٹیکنالوجیز اور ڈرون پر مبنی پولیسنگ سسٹم سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے افسران کو سی سی ٹی وی نگرانی کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنے اور انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا مؤثر استعمال یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ پولیس میں بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو بھی دہرایا۔
جائزہ میٹنگ میں گشت کے نظام کو بہتر بنانے، گاؤں کی سطح پر پولیسنگ کو مضبوط کرنے، مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے بدمعاشوں کا باقاعدگی سے جائزہ لینے اور فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔ میٹنگ میں ریاست میں آئی پی ایس افسران کی کمی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور ان کی کافی تعداد میں تعیناتی کے لیے مرکزی حکومت سے اپیل کی گئی۔