نمپلی حلقہ میں اندرامّا اندلو ٹاور کا سنگِ بنیاد نمپلی رکن اسمبلی ماجید حسین نے وزیرِ اعلیٰ اے ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کیا
فرسٹ لانسر میں گرلز جونیئر کالج اور بازار گھاٹ میں نئے ڈگری کالج کے قیام کے اعلان
حیدرآباد : نمپلی اسمبلی حلقہ کے شانتی نگر میں اندراّمّا اندلو ٹاور کی تعمیر کے لیے سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس پروگرام میں وزیرِ ریونیو، ہاؤسنگ، اطلاعات و تعلقاتِ عامہ پونگو لیٹی سرینواس ریڈی، وزیرِ سرکاری ادارہ جات و اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین، راجیہ سبھا کے رکن ایم. انیل کمار یادو، حیدرآباد کی ضلع کلکٹر پریانکا الا اور اے آئی ایم آئی ایم کے نمپلی رکن اسمبلی ماجید حسین نے شرکت کی۔
اندراّمّا اندلو ٹاور کا مقصد نمپلی حلقہ میں ایسے معاشی طور پر کمزور خاندانوں کو رہائش فراہم کرنا ہے جو سرکاری ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکانات کے لیے اہل قرار پاتے ہیں۔ ٹاور کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد مستحق خاندانوں کو بہتر اور محفوظ رہائشی سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔
شانتی نگر میں اس منصوبے کا آغاز شہری علاقوں میں رہائش کے مسائل سے دوچار کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے
اے آئی ایم آئی ایم کے نمپلی رکن اسمبلی ماجید حسین نے نمپلی حلقہ میں فرسٹ لانسر میں گرلز جونیئر کالج اور بازار گھاٹ میں نئے ڈگری کالج کے قیام کے اعلان پر وزیرِ اعلیٰ اے ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کیا۔