حیدرآباد

گوشت کی دکانیں بند کرانے کے معاملے پر اے آئی ایم آئی ایم وفد کی پولیس سے شکایت

پولیس نے یقین دلایا ہے کہ اس معاملے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی

حیدرآباد :   شیک پیٹ میں ایک شخص نے زبردستی ایک بیف شاپ بند کرادی۔ مذکورہ شخص کا دعویٰ تھا کہ اسکول کے 100 میٹر کے دائرے میں گوشت کی دکانیں نہیں چلائی جانی چاہئیں۔

یہ دکان شیک پیٹ کے لالما گارڈنز میں واقع کرشنوینی ٹیلنٹ اسکول کے قریب ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں سمپت مدھی راج نامی شخص کو گوشت کی دکان کے ملازمین کے ساتھ مبینہ طور پر گالی گلوچ کرتے اور دکان کا شٹر زبردستی گراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کے بعد مذکورہ شخص اسکول میں داخل ہوگیا اور گوشت کی دکان کے معاملے پر اسکول کے عملے سے بحث کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس شخص کا تعلق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے ہے۔


 اے آئی ایم آئی ایم کے رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) ریاض الحسن افندی نے شیک پیٹ۔منیکونڈہ روڈ پر فرینڈس کالونی کے قریب مٹن اور بیف کی دکانوں کو زبردستی بند کرانے کے واقعہ کو شہر کے پُرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم کے سپریمو بیرسٹر اسد الدین اویسی کی ہدایت پر پارٹی کے ایک وفد نے گولکنڈہ اے سی پی سے شکایت کی ہے۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ اس معاملے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔