تلنگانہ: نلگنڈہ ٹاؤن میں پینے کے پانی کی ٹانکی سے ایک شخص کی مسخ شدہ لاش برآمد
مقامی حکام نے بتایا کہ نلگنڈہ میونسپل حکام نے نلگنڈہ میونسپلٹی کے 12 ویں وارڈ میں واقع پانی کے ٹینک میں اس وقت ایک لاش دیکھی جب ٹینک کی صفائی کے لئے وہاں پہنچے اور اسے کھولا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے نلگنڈہ ٹاؤن میں پینے کے پانی کی ٹانکی سے ایک شخص کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ نلگنڈہ میونسپل حکام نے نلگنڈہ میونسپلٹی کے 12 ویں وارڈ میں واقع پینے کے پانی کے ٹینک میں اس وقت ایک لاش دیکھی جب ٹینک کی صفائی کے لئے وہاں پہنچے اور اسے کھولا۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ 27 سالہ شخص نلگنڈہ کے پرانے شہر کے 28 ویں وارڈ سے تعلق رکھتا تھا اور وہ ذہنی طور پر ٹھیک نہیں تھا۔ وہ 24 مئی سے لاپتہ تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی طبی رپورٹ کے مطابق شبہ ہے کہ اس شخص کی موت دو تین دن قبل ہوئی تھی۔ اس شخص کے جسم پر کچھ زخموں کے نشانات بھی تھے۔ پولیس خودکشی اور قتل سمیت مختلف زاویوں سے کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ٹاؤن کے کچھ لوگوں نے بتایا تھا کہ انہیں پچھلے کچھ دنوں سے ٹینک سے سربراہ کئے جانے والے پانی میں بدبو محسوس ہورہی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقہ کے لوگ بے خبری میں اس ٹینک کا پانی پیتے رہے۔ اس سلسلہ میں کسی کے بیمار ہونے یا متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
واضح رہے کہ3 اپریل کو نلگنڈہ ضلع کے نندی کونڈہ قصبے میں بھی ایک پانی کے ٹینک سے 20 مردہ بندروں کی باقیات ملی تھیں۔