تلنگانہ کی کل یوم تاسیس تقاریب۔ ٹینک بنڈ پر کلچرل اور فوڈ کارنیولس
سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ حکومت تلنگانہ نے 2 جون کو ریاست کے قیام کے دس سال کی تکمیل کی تقاریب کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات کر لیے ہیں۔
حیدرآباد: سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ حکومت تلنگانہ نے 2 جون کو ریاست کے قیام کے دس سال کی تکمیل کی تقاریب کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات کر لیے ہیں۔
حکام،صبح و شام ان تقاریب کے انتظامات میں مصروف ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اے آئی سی سی قائد سونیا گاندھی کو اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ سونیا کا تلنگانہ دورہ منسوخ ہوجانے کا امکان ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ وہ خرابی صحت کی وجہ سے ریاست کی یوم تاسیس تقریب میں شرکت نہیں کر پائیں گی۔ سونیا گاندھی گزشتہ کچھ عرصہ سے صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سونیا گاندھی لوک سبھا انتخابات کی مہم سے بھی دور رہیں۔
تاہم ان کا تلنگانہ کا دورہ ابھی تک پوری طرح واضح نہیں ہے۔واضح رہے کہا حال ہی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی دہلی گئے تھے اور انہیں ریاست کی یوم تاسیس تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ ریاستی کانگریس کے سرکردہ قائدین کا کہنا ہے کہ سونیا گاندھی کل، تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب میں ضرور شرکت کریں گی۔
اوران کے لیے ایک تقریر بھی تیار کر لی گئی ہے۔ تاہم چند قائدین کا کہنا ہے کہ ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ سونیا گاندھی صحت کی خرابی کی وجہ سے نہیں آ رہی ہیں۔ تلخ موسم شدید دھوپ اور گرم ہواؤں کے پس منظر میں ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
اس لیے ایسا لگتا ہے کہ سونیا گاندھی کا دورہ تلنگانہ منسوخ ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ اگر وہ نہیں یوم تاسیس تلنگانہ تقریب سے دور رہتی ہیں تو پارٹی لیڈر، راہول گاندھی کو تقریب میں شرکت کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ ابھی تک ان کے دورہ تلنگانہ کے بارے میں کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔
اگر سونیا نہیں آسکتی ہیں توپارٹی متبادل فیصلہ کے بارے میں غور کر رہی ہے۔ اگرسونیا گاندھی تقریبات میں شرکت نہیں کرتی ہیں تو کانگریس لیڈر ریاست کی تشکیل کے موقع پر سونیا گاندھی کا ایک ویڈیو پیغام ترتیب دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
یو این آئی کے بموجب تلنگانہ کی یوم تاسیس تقاریب کے حصہ کے طورپر شہرحیدرآباد کے ٹینک بنڈ علاقہ کو خوبصورتی سے سجایاگیا ہے جہاں پر ریاست کی تہذیب اور ثقافت کو اجاگر کرنے والے گیت فنکار پیش کریں گے۔
کل اصل تقریب پریڈگراونڈس سکندرآبادمیں منعقد کی جائے گی جس کے بعد کل شام ٹینک بنڈ پر ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کے گروپس خصوصی پروگرام پیش کریں گے۔تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے ان تقاریب کو بڑے پیمانہ پر منانے کافیصلہ کیا ہے جس کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔