تلنگانہ حکومت کی جانب سے جوبلی ہلز میں مسلم قبرستان کیلئے زمین الاٹ
یہ فیصلہ بیریسٹر اسدالدین اویسی کی اس نمائندگی کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے یوسف گوڑہ، ایرراگڈہ، رحمت نگر اور جوبلی ہلز جیسے علاقوں میں قبرستان کی شدید قلت پر توجہ دلائی تھی۔
حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیریسٹر اسدالدین اویسی کی نمائندگی پر تلنگانہ حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے ایک ایکڑ پانچ گنٹھے زمین مسجدِ غیرآباد (مدینہ مسجد)، علی جاپور روڈ، شیخ پیٹ منڈل کے قریب مسلم قبرستان کے لیے الاٹ کر دی ہے۔
وقف بورڈ کے جاری کردہ فائل نمبر 9/Perms/HYD/2025 کے مطابق دو ہزار پانچ سو مربع گز زمین جو کہ دو مساجد کے عقب میں واقع ہے، اب مسلم میتوں کی تدفین کے لیے استعمال کی جائے گی۔
یہ فیصلہ بیریسٹر اسدالدین اویسی کی اس نمائندگی کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے یوسف گوڑہ، ایرراگڈہ، رحمت نگر اور جوبلی ہلز جیسے علاقوں میں قبرستان کی شدید قلت پر توجہ دلائی تھی۔
وقف بورڈ کے مجاز افسر محمد صفی اللہ کے دستخط سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ قبرستان ان علاقوں کے مسلمانوں کی تدفین کے لیے وقف کیا گیا ہے۔
مقامی عوام اور مذہبی رہنماؤں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے مسلم کمیونٹی کے لیے ایک بڑی راحت قرار دیا ہے۔