مشرق وسطیٰ

اسرائیلی وزیر کا مسجد اقصیٰ کے صحن کا اشتعال انگیز دورہ (ویڈیوز)

اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے آج مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہو کر وہاں ایک اشتعال انگیز دورہ کیا۔اس دوران میں اْن کے ہمراہ ان کی جماعت "عوْتصما یہودیت" کے کئی وزراء اور اسرائیلی پارلیمان کے متعدد ارکان بھی تھے۔

یروشلم:اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے آج مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہو کر وہاں ایک اشتعال انگیز دورہ کیا۔اس دوران میں اْن کے ہمراہ ان کی جماعت "عوْتصما یہودیت” کے کئی وزراء اور اسرائیلی پارلیمان کے متعدد ارکان بھی تھے۔

یہ اقدام مشرقی بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے اور الحاق کی سالگرہ کے موقع پر کیا گیا۔دوسری جانب محکمہ اوقاف کے مطابق، آج مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہو کر دھاوا بولنے والے صہیونی آبادکاروں کی تعداد تقریباً 1200 تک پہنچ گئی۔

آج پیر کے روز بن گویر "یوم القدس” اور 1967 میں مشرقی بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ اور الحاق کی یاد میں منعقدہ سرگرمیوں کے تحت مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوئے۔

بن گویر نے ٹیلی گرام پر جاری ایک وڈیو پیغام میں کہا "یوم القدس کے موقع پر جبلِ ہیکل (یعنی مسجد اقصیٰ) پر آیا ہوں، میں نے جنگ میں فتح، ہمارے تمام قیدیوں کی واپسی، اور شاباک کے نئے سربراہ دیوڈ زینی کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ یوم القدس مبارک ہو!”