سابق وزیر اعظم کے دیہانت پر تلنگانہ میں 7روزہ سوگ،حکومت کااعلان
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی جو کرناٹک کے بیلگاوی میں منعقدہ کانگریس کے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شریک تھے، نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو نیک، بے داغ شخصیت، بے عیب سالمیت اور جدید ہندوستان کے حقیقی معمار قرار دیا۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی یاد میں جن کا جمعرات کی شب دہلی میں دیہانت ہوگیا، ریاست تلنگانہ میں 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا۔ حکومت نے ریاست میں آج تمام سرکاری دفاتر، تمام تعلیمی اداروں کو ایک دن کی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
اعلان کے مطابق تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند تھے۔ ڈاکٹر سنگھ کے انتقال پر گورنر اور چیف منسٹر نے گہرے دکھ کااظہار کیا۔ حکومت نے ریاست میں 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا اس سلسلہ میں چیف سکریٹری شانتی کماری نے احکام جاری کئے۔
حکومت تلنگانہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر گہرے صدمہ کااظہار کرتی ہے۔ آنجہانی وزیر اعظم کی یاد میں 27 دسمبر کو ریاست میں سرکاری دفاتر ا ور تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کرنے اور ڈاکٹر سنگھ کی یاد میں تلنگانہ میں 7 روزہ سوگ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان سات دنوں (سوگ کے ایام) کے دوران قومی پرچم نصف بلندی پر لہرایا جائے گا۔ چیف سکریٹری کی جانب سے جاری کردہ احکام میں یہ بات بتائی گئی۔ دریں اثنا تلنگانہ کے گورنر جشنو دیوورما نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر سنگھ کے دیہانت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ اُن سیاست دانوں کے جنریشن میں شامل تھے جنہوں نے اپنی ہمہ صلاحیتوں سے ملک کی خدمت کی۔ اپنے تعزیتی پیام میں جشنو دیو ورما نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ ایک اسکالر اور ممتاز سیاست داں تھے۔ ان کی پالیسیوں نے ہندوستان کی ترقی کے منظر نامہ پر اثرات چھوڑے ہیں۔
دنیا سے ان کے چلے جانے سے وہ انتہائی مغموم ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ قبل ازیں تلنگانہ کے چیف منسرٹ اے ریونت ریڈی نے بھی سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی دائمی جدائی پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ ایک عظیم ماہر اقتصادیت، رہنما، مصلح اور سب سے بڑھ کر اس دور میں ہمارے انسان دوست ڈاکٹر منموہن سنگھ ج ی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
چیف منسٹر نے جمعرات کی شب ایکس پر یہ تعزیتی پیام پوسٹ کیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی جو کرناٹک کے بیلگاوی میں منعقدہ کانگریس کے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شریک تھے، نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو نیک، بے داغ شخصیت، بے عیب سالمیت اور جدید ہندوستان کے حقیقی معمار قرار دیا۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم کو جدید ہندوستان کا حقیقی معمار قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ سیاست او رعوامی زندگی میں شائستگی کی بھی بہت ضرورت ہے وہ ایک لیجینڈ تھے جو چل بسے، یقینا ہندوستان اپنے ایک عظیم سپوت کو کھو دیا ہے
چیف منسٹر نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ”واقعی! ڈاکٹر سنگھ کے الفاظ کے مطابق موجودہ وقتوں سے تاریخ ان پر بہت زیادہ مہر بان رہے گی اور ان کے ساتھ احترام کرے گی۔ میری بھی یہی پرارتھنا ہے۔ انہوں نے غمزدہ افراد خاندان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔