انٹرٹینمنٹدہلی

ملائکہ اروڑہ کے والد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ، موت کی اصل وجہ سامنے آگئی

رپورٹ کے مطابق، انل مہتہ کی موت جسم پر شدید چوٹوں کی وجہ سے ہوئی ہے جو بلندی سے گرنے کے سبب لگیں۔ ان کا پوسٹ مارٹم رات 8 بجے شروع ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

ممبئی: معروف اداکارہ ملائکہ اروڑہ کے والد انل مہتہ کی موت کی خبر نے فلم انڈسٹری میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔ 11 ستمبر کو صبح تقریباً 9 بجے انل مہتہ نے عائشہ مینر بلڈنگ کی اپنی رہائش گاہ کی بالکونی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔

اس واقعہ کے بعد ممبئی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور بعد میں فارینسک ٹیم نے تفتیش کی۔ انل مہتہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا تھا، اور اب پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے جس میں ان کی موت کی وجہ کی تصدیق ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، انل مہتہ کی موت جسم پر شدید چوٹوں کی وجہ سے ہوئی ہے جو بلندی سے گرنے کے سبب لگیں۔ ان کا پوسٹ مارٹم رات 8 بجے شروع ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ مزید تحقیقات کے لیے ان کے جسم کے کچھ نمونے محفوظ کیے گئے ہیں اور فارینسک لیب بھیجے گئے ہیں تاکہ مزید تفصیلات سامنے آسکیں۔

ملائکہ اروڑہ کے خاندان کی جانب سے انل مہتہ کی موت پر ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا: "ہمارے پیارے والد انل مہتہ اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ وہ ایک نرم دل انسان، بہترین دادا، پیارے شوہر اور ہمارے بہترین دوست تھے۔ ہمارا خاندان اس وقت گہرے صدمے میں ہے اور ہم اس مشکل وقت میں میڈیا اور چاہنے والوں سے پرائیویسی کی درخواست کرتے ہیں۔”

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی سے کچھ دیر پہلے انل مہتہ نے اپنی دونوں بیٹیوں، ملائکہ اور امرتا اروڑہ سے بات کی تھی اور اپنی بیماری اور تھکاوٹ کا ذکر کیا تھا۔