حیدرآباد

تلنگانہ حکومت کا ملازمین، اساتذہ و پنشن یافتگان کے لیے اہم اقدام

حکومت نے انسانی ہمدردی کے نقطۂ نظر سے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ کسی حادثاتی موت کے بعد ملازمین کے خاندانوں کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے

حیدرآباد :    تلنگانہ کے نائب وزیراعلیٰ اور وزیر خزانہ ملو بھٹی وکرم ارکا نے جمعہ کو قانون ساز کونسل کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے سرکاری ملازمین، اساتذہ، پنشن یافتگان اور کنٹریکٹ و آؤٹ سورسنگ ملازمین کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا مفت حادثاتی بیمہ فراہم کرنے کی اسکیم شروع کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ملازمین یا ریاستی خزانے پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔

قانون ساز کونسل میں خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرم ارکا نے کہا کہ حکومتی حکم نامہ (جی او) نمبر 77 کے ذریعے نافذ کی گئی اس اسکیم کا مقصد حادثے میں جاں بحق ہونے یا مستقل طور پر معذور ہونے والے ملازمین کے اہل خانہ کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کے نقطۂ نظر سے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ کسی حادثاتی موت کے بعد ملازمین کے خاندانوں کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نائب وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نے ملازمین کو بغیر کسی پریمیم کے یہ سہولت فراہم کرنے کے لیے 16 معروف بینکوں اور انشورنس کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چونکہ ہر ماہ ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن بینک کھاتوں کے ذریعے ادا کی جاتی ہیں، اس لیے حکومت نے بینکوں سے مشاورت کرکے بیمہ کا ایسا انتظام کیا ہے جس سے بینکوں کی کاروباری ترقی میں بھی مدد ملے۔

انہوں نے کہا کہ حادثاتی بیمہ کے تحت اب تک 89 معاملات میں معاوضہ ادا کیا جاچکا ہے۔ ان میں سنگارینی کالریز کے 50 ملازمین، بجلی کے شعبے کے 15 ملازمین، جن میں ایس پی ڈی سی ایل، این پی ڈی سی ایل اور ٹی جی جینکو کے ملازمین شامل ہیں، جبکہ دیگر مختلف سرکاری محکموں کے 24 ملازمین شامل ہیں۔