نہ راشن کارڈ کی شرط، نہ پریمیم کی فکر، تلنگانہ میں ہر خاندان کو 5 لاکھ کا انشورنس!
راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کی تفصیلات راشن کارڈ کے ڈیٹا کی بنیاد پر درج کی جائیں گی، جبکہ راشن کارڈ نہ رکھنے والوں کے لیے خصوصی درخواست فارم فراہم کیا جائے گا۔ اس فارم میں درخواست گزار اور خاندان کے دیگر افراد کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ریاست کے عوام کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے 19 نومبر سے ’اندرا اماں فیملی لائف انشورنس اسکیم‘ شروع کردی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جمعرات کو سدی پیٹ میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام میں اس اسکیم کا افتتاح کیا۔ اس اسکیم کے تحت ریاست کے ہر اہل خاندان کو 5 لاکھ روپے کا لائف انشورنس فراہم کیا جائے گا۔
اس اسکیم کی خاص بات یہ ہے کہ مستحقین کو انشورنس کے لیے ایک روپیہ بھی پریمیم ادا نہیں کرنا ہوگا۔ حکومت خود انشورنس کمپنیوں کو پریمیم ادا کرے گی۔ خاندان کے کمانے والے فرد کی موت کی صورت میں اس کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
اگر کسی خاندان میں ایک سے زیادہ افراد کمانے والے ہوں تو ان میں سے کس فرد کے نام پر انشورنس حاصل کرنا ہے، اس کا فیصلہ خاندان خود کرسکتا ہے۔
اسکیم کے لیے اہلیت کیا ہے؟
حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس اسکیم سے استفادہ کے لیے درج ذیل شرائط مقرر کی گئی ہیں:
- درخواست گزار کی عمر 18 سے 59 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔
- 19 نومبر 1967 سے 18 نومبر 2008 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد اس عمر کی شرط میں شامل ہیں۔
- راشن کارڈ نہ رکھنے والے افراد بھی اسکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
- درخواست میں نامزد فرد (Nominee) کی تفصیلات درج کرنا لازمی ہوگا۔
- ایک سے زیادہ نامزد افراد کی صورت میں ہر ایک کا حصہ اور تناسب بھی بتانا ہوگا۔
درخواست کیسے داخل کریں؟
حکومت نے 19 نومبر سے 18 دسمبر تک ریاست بھر میں خصوصی درخواست مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مراکز تمام گرام پنچایتوں اور وارڈ دفاتر میں قائم کیے جائیں گے۔
درخواست دینے کے لیے عوام اپنے آدھار کارڈ اور راشن کارڈ کے ساتھ قریبی مرکز پہنچ سکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے گھر گھر پہنچ کر بھی اہل خاندانوں کی تفصیلات جمع کی جائیں گی۔
راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کی تفصیلات راشن کارڈ کے ڈیٹا کی بنیاد پر درج کی جائیں گی، جبکہ راشن کارڈ نہ رکھنے والوں کے لیے خصوصی درخواست فارم فراہم کیا جائے گا۔ اس فارم میں درخواست گزار اور خاندان کے دیگر افراد کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔
اہم بات یہ ہے کہ ایک خاندان سے صرف ایک ہی فرد کو درخواست داخل کرنی ہوگی۔ دوسرے اضلاع میں رہنے والے افراد بھی اپنے قریبی درخواست مرکز پر پہنچ کر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ عوام کی رہنمائی کے لیے خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے۔
موبائل ایپ اور ویب سائٹ سے بھی درخواست کی سہولت
حکومت عوام کی سہولت کے لیے ویب سائٹ اور موبائل ایپ بھی متعارف کروانے کی تیاری کررہی ہے۔ ان کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے اپنی تفصیلات درج کرکے درخواست داخل کرسکیں گے۔ تاہم، اس سہولت کے آغاز اور لنک سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
بنکر اور ماہی گیر طبقے کو بھی فائدہ
حکومت فی الحال مزدوروں، بنکروں اور ماہی گیروں کو 2 لاکھ روپے کا لائف انشورنس فراہم کررہی تھی۔ نئی اسکیم کے تحت ان طبقات کے لیے بھی انشورنس کی رقم بڑھا کر 5 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 18 دسمبر تک جاری رہنے والے خصوصی کیمپوں سے استفادہ کرتے ہوئے اندرا اماں فیملی لائف انشورنس اسکیم کے لیے اپنی درخواستیں داخل کریں۔