تلنگانہ جناسمیتی کے صدرپروفیسر کودنڈارام گھر پر نظربند
کودنڈارام کے گھر پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔عثمانیہ یونیورسٹی کے کئی طلباء کو پولیس نے پہلے سے گرفتار کرلیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں اس ماہ کے اواخر میں منعقد ہونے والے گروپ 2 کے امتحان کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام جماعتوں نے آج گن پارک میں خاموش احتجاج کی اپیل کی جس پر تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام کو پولیس نے گھر پرنظربند کردیا۔
کودنڈارام کے گھر پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔عثمانیہ یونیورسٹی کے کئی طلباء کو پولیس نے پہلے سے گرفتار کرلیا ہے۔اس موقع پر کودنڈارام نے مطالبہ کیا کہ گروپ 2 کے امتحان کو فوری طور پر ملتوی کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن افرادکو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ حکومت کی غلطیوں کو بے روزگاروں پر دھکیلنا درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ امیدواروں کو پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ بیک وقت 3 طرح کے مسابقتی امتحانات ہیں۔ ایسے میں گروپ 2کا امتحان ایک ماہ کے لیے ملتوی کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔حکومت مسئلہ کو حل کرنے کے بجائے طلبہ کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔