تلنگانہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری، انتخابی ضابطۂ اخلاق نافذ
تلنگانہ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کے تحت ریاست کی سات میونسپل کارپوریشنز اور 116 میونسپلٹیز میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی پورے تلنگانہ میں انتخابی ضابطۂ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔

ریاستی الیکشن کمشنر رانی کمودِنی نے اس سلسلے میں تمام اضلاع کے کلکٹرس، پولیس سپرنٹنڈنٹس اور پولیس کمشنرز کے ساتھ ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کو آزاد، منصفانہ اور پُرامن انداز میں کرانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کے بعد انتخابی شیڈول جاری کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق، 28 تاریخ سے نامزدگیوں کا عمل شروع ہوگا، جبکہ 31 تاریخ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی نامزدگیاں داخل کریں۔
ان بلدیاتی انتخابات میں ریاست بھر سے 53 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ 11 فروری کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ 13 فروری کو ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
ریاستی الیکشن کمیشن نے متعلقہ محکموں اور حکام کو ہدایت دی ہے کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھا جائے اور انتخابی عمل کے تمام مراحل کو شفاف اور قانون کے مطابق مکمل کیا جائے۔