تلنگانہ

تلنگانہ:پولیس اسٹیشن میں پٹائی پر ایک شخص کی موت۔ رشتہ داروں کا لاش کے ساتھ دھرنا

سب انسپکٹر کی جانب سے کی گئی پٹائی پر ایک 56سالہ شخص کی موت کے بعد اس کے رشتہ داروں نے لاش کے ساتھ پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنادیا اور سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیا۔

حیدرآباد: سب انسپکٹر کی جانب سے کی گئی پٹائی پر ایک 56سالہ شخص کی موت کے بعد اس کے رشتہ داروں نے لاش کے ساتھ پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنادیا اور سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
کھمم میں ایم ایل سی گریجویٹ انتخاب، پرامن رائے دہی
کوہ مولا علی: کویتا کا عقیدت بھرا دورہ، خادمین کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار برہمی
فراست علی باقری نے ڈاکٹر راجندر پرساد کی 141ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا
فیوچر سٹی کے نام پر ریئل اسٹیٹ دھوکہ، HILT پالیسی کی منسوخی تک جدوجہد جاری رہے گی: بی آر ایس

یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے چنتاپلی پولیس اسٹیشن کے سامنے پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق چنتاپلی منڈل کے پالیم تانڈہ کے رہنے والے سوریہ اور اس کے بھائی بھیما کے درمیان اراضی کا تنازعہ تھا۔

اس مسئلہ پر بھیما نے پولیس سے شکایت کی جس کے بعد چنتاپلی پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر ستیش ریڈی نے اس معاملہ کو حل کرنے کے بہانے سوریہ کو فون کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن طلب کیا۔سوریہ کے رشتہ داروں نے کہاکہ سوریہ حیدرآباد میں رہتا ہے۔

اسی لئے سب انسپکٹر کی جانب سے طلب کئے جانے کے دو دن بعد وہ پولیس اسٹیشن پہنچا۔رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ سب انسپکٹر دو دن بعد آنے پر سوریہ پر برہم تھا۔اس نے سوریہ کی بُری طرح پٹائی کردی جس کے نتیجہ میں وہ گرپڑا اورالٹیاں کرنے لگا۔

اس کوعلاج کے لئے اسپتال لے جایاگیا تاہم علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔اس کے ارکان خاندان نے اس کے لاش کے ساتھ پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنادیا جس کے نتیجہ میں کچھ دیر کیلئے کشیدگی پھیل گئی۔

پولیس نے ان کے پاس سے لاش کو حاصل کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور اس سب انسپکٹر کو ہیڈ کوارٹرس سے اٹائچ کردیا۔ڈاکٹرس کے مطابق دل کا دورہ پڑنے سے سوریہ کی موت ہوئی۔

ڈی ایس پی کے اپوروا راو نے اس معاملہ کی جانچ کے احکام دیئے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملہ میں سب انسپکٹر خاطی پایاگیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔