حیدرآباد میں نقلی بابا نے خاتون کو دھوکہ دے کر 7 لاکھ 40 ہزار روپے ٹھگ لئے
اس پر انوشا نے فون کے ذریعہ 35 ہزار روپے ادا کئے۔ کچھ دن بعد اس نے پھر فون کرکے کہا کہ پوجا مکمل نہیں ہوئی، اسے دوبارہ کرنا ہوگا اور مزید 2.70 لاکھ روپے مانگے۔

حیدرآباد:شہرحیدرآباد کے نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک نقلی بابا نے خاتون کو دھوکہ دے کر 7 لاکھ 40 ہزار روپے ٹھگ لئے۔ تفصیلات کے مطابق سائی نگر روڈ نمبر 3 کی انوشا کے گھر دسمبر 2023 میں ایک شخص پہنچا اور دعویٰ کیا کہ وہ بلاوں کو دور کرنے پوجا کرتا ہے اور گھر کی تمام پریشانیاں دور کر سکتا ہے۔
اس نے انوشا کے خاندان میں پیش آئے کچھ واقعات بتا کر اعتماد حاصل کیا، جس پر انوشا نے ابتدائی طور پر اسے 1500 روپے دیئے۔بعد ازاں اس شخص نے فون پر رابطہ کرکے کہا کہ انوشا کے شوہر اور بچوں کی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے اور مسائل حل کرنے کے لئے رقم درکارہوگی ۔
اس پر انوشا نے فون کے ذریعہ 35 ہزار روپے ادا کئے۔ کچھ دن بعد اس نے پھر فون کرکے کہا کہ پوجا مکمل نہیں ہوئی، اسے دوبارہ کرنا ہوگا اور مزید 2.70 لاکھ روپے مانگے۔
انوشا نے یہ رقم سائی نگر کے لکی ریسٹورنٹ کے پاس اس شخص کے قریبی مددگارکے حوالے کر دی۔اس طرح مختلف مراحل میں خاتون سے مجموعی طور پر 7.40 لاکھ روپے لئے گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے جانچ شروع کر دی۔