حیدرآباد

تلنگانہ پولیس، عصری، شہری دوست اور موثر ادارہ میں تبدیل: ایم مہندرریڈی

مہیندرریڈی نے ہفتہ کے روز محکمہ پولیس سے وابستہ ہر فرد کا تلنگانہ پولیس کو عصری تقاضوں سے لیس کرنے، فرینڈ لی پولیس بنانے، فعال وکارکرد بناتے ہوئے عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب بنانے کیلئے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

حیدرآباد: ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ (ریٹائرڈ) ایم مہندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ پولیس کو عصری، شہری دوست اور موثر ادارہ میں تبدیل کیا گیا ہے۔ وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کے موقع پر منعقدہ وداعی تقریب سے خطاب کیا۔

 انہوں نے ہفتہ کے روز محکمہ پولیس سے وابستہ ہر فرد کا تلنگانہ پولیس کو عصری تقاضوں سے لیس کرنے، فرینڈ لی پولیس بنانے، فعال وکارکرد بناتے ہوئے عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب بنانے کیلئے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

 مہندر ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے وقف خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا کہ چھوٹی ریاست ماوسٹ سرگرمیوں، دہشت گردی، تخریب کاری سرگرمیوں، فرقہ وارانہ فسادات کی نذر ہوجائے گی۔

اور امن وآمان کی برقراری سنگین مسئلہ بن کر ابھر یگا مگر ریاست کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پولیس پر خصوصی توجہ مرکوز کی، تمام وسائل کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ریاست میں امن وآمان نافذ کرنے والے اداروں کو ترقیافتہ ممالک کے مثال فورس میں تبدیل کرتے ہوئے شہریوں کے وقار کی برقرار ی کے لئے اقدامات کئے۔

 انہوں نے کہا کہ عوام 24گھنٹے محفوظ ہونے کا  احساس دلانے کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے، ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ گذشتہ آٹھ سالوں کے دوران ریاستی حکومت نے محکمہ پولیس میں 30,000 عملہ کے تقرر کا فیصلہ کیا تاحال 27,000 عملہ کا تقرر کیا جاچکا ہے۔

 کئی اختراعی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے پولیس عملہ کو بدلتی ڈیجیٹل دنیا سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے پولیس امور کی انجام دہی میں ٹکنالوجی سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔ ریڈی نے کہا کہ بدلتی دنیا کا اصول رہا کہ خود تبدیل ہوجاؤ، یا گمنام ہوجاؤ، موجودہ ڈیجیٹل دور میں پولیس کو ٹکنالوجی پر انحصار کرنے والے ادارے میں تبدیل کرنا چاہئے۔

 ہم کو مسلسل سیکھنے کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے ہمیشہ عصری ٹکنالوجی سے ہم آہنگ ہوتے رہنا چاہئے۔ قانون شکنی کے خلاف ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے آگے بڑھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ٹکنالوجی کے استعمال میں پولیس کو مجرموں سے ہمیشہ ایک قدم آگے رہنا چاہئے۔

 انہوں نے بگ ڈاٹا انالیٹکس اور معنوی ذہانت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹیگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں ٹکنالوجی فیوزن سنٹر کا قیام عمل میں لایا جس سے ریاست میں تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو مربوط کرتے ہوئے نظم وضبط کی برقراری کو یقینی بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔

 اس کے علاوہ این ٹی آر مارگ نیکلس روڈ، ٹینک بنڈ کے اطراف گاڑیوں کے داخلہ پر عائد تحدیدات کو موثر انداز میں عمل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے عوام کو ان تحدیدات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے نئے ڈی جی پی انجنی کمار کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں محکمہ پولیس مزید فعال وکارکرد بنتے ہوئے عوام کی خدمت کرے گا انہوں نے کہا کہ پریشانی کے وقت محکمہ پولیس، عوام کے لئے دوست بنتے ہوئے کام کرنے کی پہل کرنا چاہئے۔ اس وداعی تقریب میں نئے ڈی جی پی انجنی کمار کے علاوہ سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

a3w
a3w