تلنگانہ: سافٹ ویئر انجینئر آن لائن دھوکہ دہی کا شکار
اگلے دن، انہوں نے دوبارہ اسے 4.57 لاکھ روپے بھیجنے کی ہدایت دی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں ایک سافٹ ویئر انجینئر آن لائن دھوکہ دہی کا شکارہوگیا۔وہ 4.15 لاکھ روپے سے محروم ہو گیا، دھوکہ بازنے اسے محبوب آباد ٹاؤن میں سونے کی تجارت کے ذریعہ زیادہ سود کمانے کے بہانے لالچ دیاتھا۔
اطلاعات کے مطابق حیدرآباد میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرنے والے پی دیویندر نے الزام لگایا کہ 15 دسمبر کو اسے ایک نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ پر ایک پیغام موصول ہوا جس کے ساتھ سونے کی تجارت کے لیے رجسٹر کرنے کے لیے ایک ویب سائٹ کے لنکس بھی تھے۔
اس نے اسے نظر انداز کیا اور پیغامات کا جواب نہیں دیا، لیکن وہ سونے کی تجارت کی تفصیلات حاصل کرتا رہا۔
دھوکہ بازوں نے اسے یقین دلایا کہ تقریباً 68 افراد سونے کی بولی لگا رہے ہیں اور وہ بہت زیادہ منافع کما سکتا ہے۔
دیویندر نے ان پر یقین کیا اور دھوکہ بازوں کے ذریعہ بھیجے گئے اکاؤنٹ نمبر پر مختلف کھاتوں سے 4.15 لاکھ روپئے منتقل کردیئے۔
اگلے دن، انہوں نے دوبارہ اسے 4.57 لاکھ روپے بھیجنے کی ہدایت دی۔
اپنے ساتھ دھوکہ دہی کا احساس کرتے ہوئے دیویندر نے منگل کو محبوب آباد ٹاؤن پولیس میں شکایت درج کرائی۔