تلنگانہ: کوہیر میں درجہ حرارت 5.8 سے 6.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا،اضلاع کیلئے الرٹ
ریاست کے شمالی اضلاع اور ایجنسی کے علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ سنگاریڈی ضلع کا کوہیر ریاست کا سرد ترین مقام رہا، جہاں درجہ حرارت گر کر 5.8 سے 6.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے، یہ گزشتہ ایک دہائی میں ریکارڈ کی گئی سب سے کم سطح ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ ریاست بھر میں سردی کی لہر نے قہر برپا کر دیا ہے جس کے باعث عام زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
ریاست کے شمالی اضلاع اور ایجنسی کے علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ سنگاریڈی ضلع کا کوہیر ریاست کا سرد ترین مقام رہا، جہاں درجہ حرارت گر کر 5.8 سے 6.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے، یہ گزشتہ ایک دہائی میں ریکارڈ کی گئی سب سے کم سطح ہے۔
ریاست کے تقریباً 10 اضلاع ایسے ہیں جہاں درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ان میں عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، نرمل اور میدک جیسے اضلاع سرفہرست ہیں۔
دارالحکومت حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں بھی سردی بڑھ گئی ہے جہاں اقل ترین درجہ حرارت 8.8 سے 11 ڈگری سیلسیس کے درمیان درج کیا گیا۔ صبح کے اوقات میں چھائے رہنے والے گھنے کہر کی وجہ سے سڑکوں پر روشنی کم ہو گئی ہے جس سے گاڑی سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ تین دنوں تک سردی کی یہ لہر برقرار رہے گی اور اس کے پیشِ نظر کئی اضلاع کے لئے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام اور طبی ماہرین نے عوام، بالخصوص بچوں اور ضعیف افرادکو مشورہ دیا ہے کہ وہ رات اور صبح کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور سردی سے بچنے کے لئے گرم کپڑوں کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔