تلنگانہ کی پنچایت راج اور دیہی ترقی کی وزیر، سیتاکا، نے اسمبلی میں پنچایت راج ترمیمی بل 2018 پیش کیا
تلنگانہ کی پنچایت راج اور دیہی ترقی کی وزیر، سیتاکا، نے آج ریاستی اسمبلی میں پنچایت راج ترمیمی بل 2018 پیش کیا، جس کا مقصد دیہی مقامی بلدی اداروں کے انتخابات میں پسماندہ طبقات (بی سیز) کو 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی پنچایت راج اور دیہی ترقی کی وزیر، سیتاکا، نے آج ریاستی اسمبلی میں پنچایت راج ترمیمی بل 2018 پیش کیا، جس کا مقصد دیہی مقامی بلدی اداروں کے انتخابات میں پسماندہ طبقات (بی سیز) کو 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنا ہے۔
بل پیش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اگرچہ بی سیز ریاست کی آبادی کا بڑا حصہ ہیں لیکن دیہی مقامی بلدی اداروں میں انہیں مناسب نمائندگی نہیں ملی۔
انہوں نے کہا،’’سابقہ حکومت کے فیصلوں اور ہائی کورٹ و سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت بی سیز کو صرف 23 فیصد ریزرویشن دیا گیا۔ انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ہم نے بی سی دانشوروں کے مشورے پر سائنسی بنیادوں پر جامع ذات پر مبنی مردم شماری کرائی۔‘‘
وزیر نے وضاحت کی کہ اس مسئلہ پر غور کے لیے ایک خصوصی کمیشن قائم کیا گیا تھا اور اس کی سفارشات کی بنیاد پر حکومت نے بی سی ریزرویشن کو 42 فیصد تک بڑھانے کی تجویز پیش کی۔ یہ رپورٹ 10 فروری 2025 کو پیش کی گئی جس میں معاشی، تعلیمی، روزگار، سیاسی اور ذات پات سے متعلق اعداد و شمار پر مبنی گھریلو سروے شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پنچایت راج ایکٹ 2018 کی دفعہ 285-اے، جس میں مقامی بلدی اداروں
میں ریزرویشن کو 50 فیصد تک محدود رکھا گیا تھا، سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی تھی۔ ’’اس ناانصافی کو درست کرنے کے لیے ہم دفعہ 285-اے میں ترمیم کررہے ہیں تاکہ ریاست عوامی مفاد اور جمہوری پسماندگی کے مطابق بی سی ریزرویشن طے کرسکے۔‘‘
کابینہ نے 30 اگست 2025 کو اپنے اجلاس میں 50 فیصد کی حد ختم کرکے بی سیز کے لیے 42 فیصد ریزرویشن کی منظوری دی۔ اس بل کو پہلے ہی گورنر اور صدر جمہوریہ کے پاس منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور ترمیم کو فوری نافذ کرنے کے لیے آرڈیننس بھی جاری کیا گیا۔
سیتاکا نے کہا کہ کچھ گرام پنچایتوں کو میونسپلٹیوں میں ضم کیا گیا اور کچھ کو دیگر منڈلوں میں از سر نو منظم کیا گیا، جس کے بعد خصوصی کمیشن نے 26 اگست 2025 کو اپنی نظر ثانی شدہ رپورٹ پیش کی جس میں توسیع شدہ بی سی ریزرویشن کی ضرورت پر دوبارہ زور دیا گیا۔
ایوان کے ارکان سے اپیل کرتے ہوئے وزیر نے کہا
’ہم ایوان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ترمیم کو متفقہ طور پر منظور کرے تاکہ پسماندہ طبقات کے لیے 42 فیصد ریزرویشن کو یقینی بنا کر سماجی انصاف قائم کیا جاسکے۔‘