پرواز MH370 کی گمشدگی کے دس سال مکمل، طیارہ کی تلاش دوبارہ شروع کرنے حکومت کا عزم
ملائشیاء کی حکومت نے اتوار کے روز کہا کہ وہ ملائشیاء ایرلائنس کی لاپتہ پرواز MH370 کی تلاش دوبارہ شروع کرسکتی ہے کیونکہ امریکہ کی ایک ٹکنالوجی کمپنی نے جنوبی بحیرہ ہند میں تلاش دوبارہ شروع کرنے کی تجویز پیش کی ہے جہاں 10 سال پہلے یہ طیارہ حادثہ کا شکار ہوا تھا۔
کوالالمپور: ملائشیاء کی حکومت نے اتوار کے روز کہا کہ وہ ملائشیاء ایرلائنس کی لاپتہ پرواز MH370 کی تلاش دوبارہ شروع کرسکتی ہے کیونکہ امریکہ کی ایک ٹکنالوجی کمپنی نے جنوبی بحیرہ ہند میں تلاش دوبارہ شروع کرنے کی تجویز پیش کی ہے جہاں 10 سال پہلے یہ طیارہ حادثہ کا شکار ہوا تھا۔
وزیرٹرانسپورٹ انتونی لوکے نے کہا کہ ٹیکساس میں قائم اوشین انفینیٹی نے بغیر کسی فیس کے طیارہ کو تلاش کرنے اور سمندر کی تہہ کو چھاننے کی تجویز پیش کی ہے۔ 2018 میں اس نے جس مقام کی تلاشی لی تھی اب اس میں توسیع کی جائے گی۔
انہوں نے اس کمپنی کو ملاقات کے لئے مدعو کیا ہے تاکہ طیارہ کی آخری آرام گاہ کے بارے میں نئے سائنسی شواہد کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ثبوت قابل اعتبار ہیں تو وہ اوشین انفینیٹی کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کرنے کابینہ کی منظوری حاصل کریں گے۔
لوکے نے جٹ طیارہ کی گمشدگی کی دسویں برسی کے موقع پر ایک دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت MH370 کا پتا چلانے اپنے عہد پر قائم ہے۔ ہمیں امید ہے کہ تلاشی لینے سے ہم طیارہ کو تلاش کرسکتے ہیں اور قریبی رشتہ داروں کو سچائی سے واقف کراسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بوئنگ 777 طیارہ جس میں 239 افراد سوار تھے جن کی اکثریت چینی تھی، ملائشیاء کے دارالحکومت کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتا ہوگیا تھا۔
یہ واقعہ 8 مارچ 2014 کو پیش آیا تھا۔ سٹیلائٹ کے ڈاٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ طیارہ کس مقام سے اپنی اڑان کے راستہ سے بھٹک گیا تھا اور سمجھا جاتا ہے کہ یہ جنوبی بحرہئ ہند میں غرقاب ہوگیا ہے۔