کونڈاپور میں بی آر ایس رکن اسمبلی کے مکان کے باہر کشیدگی
شہر کے نواحی علاقہ کونڈاپور میں بی آرایس ایم ایل اے کوشک ریڈی کے مکان کے باہر آج حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جبکہ منحرف ایم ایل اے‘ اریکاپوڈی گاندھی اپنے حامیوں کے ساتھ ریڈی کے مکان پہنچے‘ جہاں دونوں ارکان اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

حیدرآباد: شہر کے نواحی علاقہ کونڈاپور میں بی آرایس ایم ایل اے کوشک ریڈی کے مکان کے باہر آج حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جبکہ منحرف ایم ایل اے‘ اریکاپوڈی گاندھی اپنے حامیوں کے ساتھ ریڈی کے مکان پہنچے‘ جہاں دونوں ارکان اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
بعدازاں پولیس نے آخرالذکر(گاندھی) کو حراست میں لے لیا اور انہیں یہاں سے لے گئی تاہم گاندھی کے چند حامی‘ بی آرایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کے مکان کے احاطہ میں گھس پڑے ان کی بی آرایس ورکرس کے ساتھ جھڑپ ہوگئی۔ پولیس نے اریکا پوڈی گاندھی کے کئی حامیوں کو گرفتارکرلیا۔
وہ‘ کوشک ریڈی کے خلاف نعرے بلند کررہے تھے۔ قبل ازیں رکن اسمبلی گاندھی‘ بی آرایس ایم ایل اے کے مکان کے سامنے بیٹھ گئے اور کوشک ریڈی کو چالینج کیاکہ ان میں ہمت ہے تو گھر کے باہرآئیں۔ بتایاجاتا ہے کہ گاندھی نے کوشک ریڈی کے خلاف قابل اعتراض الفاظ بھی ادا کئے۔
چونکہ کوشک ریڈی نے بی آرایس پرچم لہرانے اور پارٹی اسکارف پہنانے کا مجھے چالینج دینے کے بعد وہ‘میرے(گاندھی) کے گھر نہیں آئے اس لئے وہ (گاندھی) کوشک ریڈی کے گھر آکر انہیں باہرآنے کا چالینج دے رہے ہیں۔
ضلع کریم نگر کے حلقہ اسمبلی حضورآباد کے بی آرایس ایم ایل اے پی کوشک ریڈی نے الزام عائد کیاکہ انہیں قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے انتباہ دیاکہ کل (جمعہ) جوابی ردعمل سامنے آئے گا۔
قبل ازیں پولیس نے کوشک ریڈی کو ان کے گھر پر نظربندکردیاتھا تاکہ کوشک ریڈی کو گاندھی کے مکان جانے سے بازرکھاجاسکے۔ پولیس نے اریکاپوڈی گاندھی کے مکان کے پاس بھی سکیورٹی سخت کردی تھی۔ جنہوں نے کوشک ریڈی کے چالینج کو قبول کیاتھا اور گاندھی نے اعلان کیاکہ اگر کوشک ریڈی‘ میرے مکان نہیں آتے ہیں تو وہ‘ ان کے مکان ضرور جائیں گے۔
حلقہ اسمبلی شیری لنگم پلی کے رکن اریکا پوڈی گاندھی‘ اپنے کاروں کے قافلہ اور حامیوں کے ساتھ کوشک ریڈی کے مکان کی طرف روانہ ہوئے‘ گاندھی جو بی آرایس ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعدجولائی میں کانگریس میں شامل ہوگئے تھے‘ کو حکومت نے پیر کے روز اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹ کمیٹی(پی اے سی) کا صدرنشین مقررکیاتھا۔
یہ عہدہ عموماً اپوزیشن پارٹی لیڈر کو دیاجاتا ہے۔ جس کے بعد تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ بی آرایس نے منحرف ایم ایل اے کو پی اے سی کا صدرنشین بنانے پر کانگریس حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا اور بی آرایس کے دیگر 9 ارکان کے ساتھ گاندھی کو نااہل قراردینے کا مطالبہ کیا۔ لیکن گاندھی یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ وہ بدستور اپوزیشن میں ہیں۔ بی آرایس قائدین نے الزام عائد کیاکہ وہ نااہلیت سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔