سوشیل میڈیا

گوالیار: 17 سالہ لڑکی نے بوائے فرینڈ کی مدد سے ماں کا قتل کردیا

لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ نے پہلے خاتون کا گلا گھونٹ دیا اور پھر اس پر چاقو سے کئی بار وار کرکے اسے ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ گوالیار کی حضیرہ پولیس کو مالک مکان کی جانب سے اطلاع دیئے جانے کے بعد سامنے آیا۔

گوالیار: مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ایک 17 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر اپنی ماں کا اس وقت قتل کر دیا جب اس نے اپنی بیٹی کے ایک نوجوان کے ساتھ تعلقات پر اعتراض کیا حالانکہ اس نوجوان نے پہلے اس لڑکی کا اغوا کرکے اس کی عصمت ریزی کی تھی۔

لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ نے پہلے خاتون کا گلا گھونٹ دیا اور پھر اس پر چاقو سے کئی بار وار کرکے اسے ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ گوالیار کی حضیرہ پولیس کو مالک مکان کی جانب سے اطلاع دیئے جانے کے بعد سامنے آیا۔

جب پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی تو اسے بیڈ کے نیچے خاتون کی لاش ملی۔

اطلاعات کے مطابق لڑکی اور اس کے عاشق نے مردہ خاتون کے ساتھ ہی کمرہ میں رات گذاری۔ مہلوک خاتون کی شناخت ممتا کشواہا کے طور پر کی گئی ہے جو کہ اصل میں بھنڈ کی رہنے والی تھی۔ وہ اپنی 17 سالہ بیٹی کے ساتھ یہاں کرائے کے ایک کمرے میں رہتی تھی۔

خاتون کو اپنی بیٹی کے رشتے پر اعتراض تھا کیونکہ جس شخص کے ساتھ اس کا معاشقہ چل رہا تھا، اس نے پہلے بھی مدھیہ پردیش کے بھنڈ میں اس لڑکی کا اغوا کر کے اس کا ریپ کیا تھا۔ وہ گزشتہ ماہ جیل سے رہا ہوا۔ رہائی کے بعد اس نے نابالغ لڑکی سے رابطہ کیا اور دونوں میں دوستی ہوگئی اور یہ دوستی عاشقی میں بدل گئی۔

لڑکی مبینہ طور پر اپنے عاشق کے ساتھ رہنا چاہتی تھی تاہم اس کی ماں اسے ایسا کرنے سے روک رہی تھی۔ اس پر ناراض ہو کر لڑکی نے اپنے عاشق کی مدد سے اپنی ہی ماں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران لڑکی نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔