بھارت

مغربی ایشیا میں کشیدگی، ہندوستان کا غیر ملکیوں کیلئے بڑا فیصلہ

 حکومتِ ہند کے اس فیصلے کا مقصد ان افراد کو قانونی مشکلات سے بچانا ہے جو جنگی حالات اور فضائی راستوں کی بندش کے باعث وقت پر اپنے ممالک واپس نہیں جا سکے۔

نئی دہلی: مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ہندوستان نے غیر ملکی شہریوں کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملوں اور جاری جنگی صورتحال کے باعث خطے میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے فضائی پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور کئی غیر ملکی شہری بھارت میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں
کویت نے غیر ملکیوں کے لئے نیا قانون لاگو کردیا
دہلی میں غیرقانونی طور پر مقیم 17 بیرونی شہری گرفتار

اس صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی حکومت نے غیر ملکیوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے ویزا کی مدت میں توسیع اور اوور اسٹے جرمانوں سے استثنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

 حکومتِ ہند کے اس فیصلے کا مقصد ان افراد کو قانونی مشکلات سے بچانا ہے جو جنگی حالات اور فضائی راستوں کی بندش کے باعث وقت پر اپنے ممالک واپس نہیں جا سکے۔

دبئی میں ہندوستانی قونصل خانہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایسے تمام ویزا اور ای ویزا جن کی مدت ختم ہو چکی ہے یا جلد ختم ہونے والی ہے، انہیں ایک ماہ کے لیے مفت میں توسیع دی جائے گی۔ اس کے علاوہ 28 فروری کے بعد جنگی حالات کے باعث بھارت میں قیام پر مجبور غیر ملکیوں کے لیے اوور اسٹے جرمانہ بھی مکمل طور پر معاف کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق جب فضائی راستے دوبارہ بحال ہوں گے تو غیر ملکی شہریوں کو اپنے ممالک واپس جانے کے لیے درکار ایگزٹ پرمٹ بھی بغیر کسی فیس کے جاری کیے جائیں گے۔ اگر کوئی شخص تکنیکی وجوہات کی بنا پر ویزا توسیع کے لیے درخواست نہیں دے سکا تو اسے بھی قانون کی خلاف ورزی تصور نہیں کیا جائے گا۔

اسی کے ساتھ ساتھ وہ غیر ملکی مسافر جن کی پروازوں کا رخ تبدیل ہو کر ہندوستان کی جانب ہو جاتا ہے، انہیں عارضی لینڈنگ پرمٹ بھی مفت فراہم کیا جائے گا تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب قطر ایئر ویز کے ذریعے تقریباً 500 بھارتی شہری محفوظ طور پر دوحہ سے کوچی اور دیگر شہروں تک پہنچ چکے ہیں۔ تاہم قطر کی فضائی حدود جزوی طور پر کھلی ہونے کے باعث پروازوں کی آمد و رفت محدود پیمانے پر جاری ہے۔