تلنگانہ

کاماریڈی میں شدید بارش کے بعد خوفناک سیلاب، متعدد علاقے زیرِ آب

شہر اور مضافاتی علاقوں میں مسلسل اور شدید بارش کے نتیجے میں خوفناک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ کئی گھنٹوں تک ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نالے اور برساتی چشمے اُبل پڑے اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔

کاماریڈی: شہر اور مضافاتی علاقوں میں مسلسل اور شدید بارش کے نتیجہ میں خوفناک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ کئی گھنٹوں تک ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نالے اور برساتی چشمے اُبل پڑے اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔

سیلابی ریلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی مقامات پر پانی کی سطح عمارتوں کی پہلی منزل تک پہنچ گئی۔ متعدد مکانوں، دکانوں اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ کئی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہو گئے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ریسکیو ٹیمیں سرگرم رہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ پرانے شہر، بازار روڈ، ریکارڈ بستی اور اطراف کے دیہات ہیں۔ کئی سڑکیں زیرِ آب آنے سے ٹریفک نظام بھی مفلوج ہوگیا۔ اسکول اور دفاتر بند کر دئے گئے جبکہ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ضلعی کلکٹر اور پولیس افسران نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ این ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بھی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔