بلوچستان میں دہشت گرد حملہ، 20 کانکن ہلاک (ویڈیو)
پاکستان کے گڑبڑزدہ صوبہ بلوچستان میں راکٹ لانچرس اور آٹومیٹک ہتھیاروں سے ایک خانگی کوئلہ کان پر دہشت گردوں کے حملہ میں کم ازکم 20کانکن ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوگئے۔
کراچی (پی ٹی آئی) پاکستان کے گڑبڑزدہ صوبہ بلوچستان میں راکٹ لانچرس اور آٹومیٹک ہتھیاروں سے ایک خانگی کوئلہ کان پر دہشت گردوں کے حملہ میں کم ازکم 20کانکن ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوگئے۔
مہلوکین میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے کانکن بھی شامل ہیں۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) محمد بلوچ نے کہا کہ مسلح بندوق برداروں کے ایک گروپ نے دُکی علاقہ میں جنید کول کمپنی پر حملہ کردیا اور پہاڑوں میں راہ فرار اختیار کی۔
یہ حملہ قومی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او)چوٹی کانفرنس سے قبل ہوا ہے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ یہ دہشت گرد حملہ ہے اور کانکنوں کے لئے بچنے کا کوئی راستہ ہی نہیں تھا کیونکہ انہوں نے کام شروع ہی کیا تھا کہ وہ فائرنگ کی زد میں آگئے۔
سائٹ پر تقریباً 50 ورکرس موجود تھے۔ بعض نے قریبی پہاڑیوں میں بھاگ کر یا کان کی گہرائیوں میں چھپ کر جان بچائی۔ بعض کوئلہ ورکرس کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ چیرمین دُکی حاجی خیراللہ ناصر کے بموجب حملہ آوروں نے ہینڈ گرینیڈس (ہتھ گولے) اور راکٹ لانچرس کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں کوئلہ کی 10 کانیں ہیں۔ حملہ آوروں نے فرار ہونے سے قبل مائننگ مشینوں کو آگ لگادی۔
دُکی کے ایک ڈاکٹر جوہر خان شادی زئی نے بتایا کہ ضلع ہاسپٹل میں 20 نعشیں اور 6 زخمی لائے گئے۔ ایس ایچ او دُکی ہمنیان خان نے بتایا کہ کسی بھی گروپ نے تاحال حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پولیس‘ نیم فوجی فرنٹیر کارپس (ایف ایس) اور ریسکیو ٹیمیں فوری پہنچ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے پہلے کانکنوں کو مختلف گروپس میں جمع کیا اور پھر گولیاں چلادیں۔ پولیس اور ایف سی نے علاقہ کو گھیر لیا ہے۔ ایران اور افغانستان کی سرحد پر واقع بلوچستان میں عرصہ سے پرتشدد شورش جاری ہے۔
ممنوعہ بلوچ لبریشن آرمی(بی ایل اے) چین اور اسلام آباد پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ وسائل سے مالامال صوبہ کا استحصال کرتے ہیں۔ اسی ہفتہ پاکستان کے مصروف ترین جناح انٹرنیشنل ایرپورٹ کراچی کے باہر بلوچ شورش پسند گروپ نے چینی ورکرس کے قافلہ کو نشانہ بنایا تھا۔ اس کے خودکش حملہ میں 2 چینی ہلاک اور 17 دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔